راولپنڈی ، عدالت عالیہ کا ہیروئن برآمد گی کیس میں خاتون ملزمہ کی سزا معطل کرتے ہوئے ضمانت پر رہائی کا حکم جاری

پیر 13 اگست 2018 22:21

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 اگست2018ء) لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ کے جسٹس عباد الرحمن لودھی اور جسٹس مرزا وقاص رئوف نے ہیروئن برآمد گی کیس میں خاتون ملزمہ کی سزا معطل کرتے ہوئے ضمانت پر رہائی کا حکم جاری کر دیا ہے ملزمہ کے وکیل ملک محمد امجد اعوان ایڈووکیٹ نے عدالت عالیہ میں دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ان کی موکلہ سمیرابی بی کے خلاف تھانہ پیرودھائی میں ہیروئن برآمد ہونے کا جھوٹا مقدمہ درج کیا گیا ملزمہ اس کیس میں بالکل بے گناہ ہے ٹرائل کورٹ نے ملزمہ کو سزا سنادی تھی جس کے بعد سے وہ جیل میں پابند سلاسل ہے اپیل کے فیصلہ تک سزا کو معطل کر کے ضمانت پر رہائی کا حکم جاری کیا جائے عدالت عالیہ نے وکیل صفائی کے دلائل سننے کے بعد خاتون قیدی کی سزا معطل کر کے اسے ضمانت پر رہا کر نے کا حکم دے دیا۔