تازہ ترین ٹیسٹ پلیئرز رینکنگ، ویرات کوہلی ٹاپ پوزیشن سے محروم،

جیمز اینڈرسن 38 برس بعد 900 رینکنگ پوائنٹس عبور کرنے والے انگلش بائولر بن گئے، کرس ووکس کی تینوں شعبوں میں ترقی، ٹاپ ٹین آل رائونڈرز میں بھی شامل، جونی بیئرسٹو کی ٹاپ ٹین بلے بازوں میں انٹری

پیر 13 اگست 2018 22:32

تازہ ترین ٹیسٹ پلیئرز رینکنگ، ویرات کوہلی ٹاپ پوزیشن سے محروم،
دبئی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2018ء) جیمز اینڈرسن 38 برس بعد انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی تازہ ترین ٹیسٹ پلیئرز رینکنگ میں 900 پوائنٹس عبور کرنے والے انگلش بائولر بن گئے، انہوں نے 903 پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پوزیشن مزید مستحکم کر لی، اس سے قبل آخری مرتبہ 1980ء میں انگلینڈ کے این بوتھم نے یہ کارنامہ انجام دیا تھا، بھارتی بلے باز ویرات کوہلی ایک درجہ تنزلی کے بعد ٹاپ پوزیشن سے محروم ہو گئے ان کی جگہ سٹیون سمتھ نے دوبارہ ٹاپ پوزیشن سنبھال لی، جوروٹ تیسرے نمبر پر برقرار ہیں، جونی بیئرسٹو 3 درجے ترقی کے ساتھ ٹاپ ٹین میں داخل ہو گئے، کرس ووکس کی تینوں شعبوں میں ترقی ہوئی ہے، بلے بازوں میں 34 درجے ترقی پا کر 50ویں، بائولرز میں 3 سیڑھیاں چڑھ کر 32 ویں جبکہ 5 درجے ترقی پا کر ٹاپ ٹین آل رائونڈرز میں بھی شامل ہو گئے۔

(جاری ہے)

پیر کو آئی سی سی کی طرف سے جاری کردہ تازہ ترین رینکنگ کے تحت انگلش کھلاڑیوں کی رینکنگ میں نمایاں بہتری جبکہ بھارتی کھلاڑیوں کی رینکنگ میں تنزلی ہوئی ہے، بلے بازوں میں سٹیون سمتھ نے ویرات کوہلی سے ٹاپ پوزیشن چھین لی، جوروٹ تیسرے نمبر پر موجود ہیں، جونی بیئرسٹو 3 درجے ترقی کے ساتھ نویں نمبر پر آ گئے، ایلسٹرکک 17ویں نمبر پر موجود ہیں، لارڈز ٹیسٹ میں سنچری بنانے والے کرس ووکس 34 درجے لمبی چھلانگ لگا کر 50ویں نمبر پر آ گئے، ثام کیورن 72ویں نمبر پر آ گئے، مرلی وجے 8 درجے تنزلی کے بعد 33ویں، دنیش کارتھک 18 درجے گر کر 195ویں نمبر پر چلے گئے، ایشون 10 درجے بہتری کے ساتھ 57ویں نمبر پر آ گئے، بائولرز میں جیمز اینڈرسن بدستور پہلے نمبر پر براجمان ہیں، ایشون پانچویں نمبر پر برقرار ہیں، سٹورٹ براڈ 5 سیڑھیاں چڑھ کر 12ویں نمبر پر آ گئے، کرس ووکس 3 درجے ترقی کے ساتھ 32ویں نمبر پر آ گئے، کلدیپ یادیو 13 درجے گر کر 70ویں نمبر پر چلے گئے، آل رائونڈرز میں شکیب الحسن سرفہرست ہیں، ایشون ایک درجہ ترقی پا کر تیسرے نمبر پر آ گئے جبکہ کرس ووکس نے 5 درجے ترقی پا کر ساتویں پوزیشن سنبھال لی۔

متعلقہ عنوان :