پاکستان اور عوام کی خدمت کا مشن جاری رکھیں گے‘چودھری حسین الٰہی

سیاسی گھرانہ سے تعلق رکھنے والوں کو بھی 5 سال محنت اور جدوجہد کرنا پڑتی ہے‘میڈیا سے گفتگو

پیر 13 اگست 2018 22:48

پاکستان اور عوام کی خدمت کا مشن جاری رکھیں گے‘چودھری حسین الٰہی
اسلام آباد/لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اگست2018ء) قومی اسمبلی کا حلف اٹھانے والے سب سے کم عمر رکن پارلیمنٹ 26 سالہ چودھری حسین الٰہی نے کہا ہے کہ پاکستان اور عوام کی خدمت کا مشن جاری رکھیں گے۔

(جاری ہے)

این اے 68 گجرات سے 37ہزار ووٹوں کی اکثریت سے منتخب ہونے والے سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین کے بھائی سابق وفاقی وزیر چودھری وجاہت حسین کے صاحبزادے حسین الٰہی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس نہایت پرمسرت موقع پر وہ اللہ تعالیٰ اور اپنے حلقہ کے عوام کے دل کی گہرائیوں سے شکرگزار ہیں جنہوں نے انہیں یہ اعزاز بخشا، میری دعا ہے کہ میں عوامی توقعات پر پورا اتر سکوں۔

ایک سوال پر ان کا اپنی فیملی بیک گرائونڈ کے حوالے سے کہنا تھا کہ ہم سب کا مشن ملک کو صحیح سمت میں آگے لے جانا اور عوام کی بہتری ہے، میری اصل کامیابی یہ ہو گی کہ میں اپنے علاقہ اور عوام کی بہتری اور ملک کی ترقی و مضبوطی کیلئے کچھ کر سکوں۔ انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ یہ سمجھتے تھے کہ فیملی سیاست کی بنیاد پر بچے اور ان کے بچے بھی آگے آ جاتے ہیں لیکن اب ایسی بات نہیں ہے، سیاسی گھرانہ سے تعلق رکھنے والوں کو بھی 5 سال محنت اور جدوجہد کرنا پڑتی ہے۔