صوبائی وزراء کا شاہ پور کانجراں کی مویشی منڈی کا دورہ ، مسائل و سہولیات کا جائزہ لیا

حکومتی ادارے عوام کو ہر ممکن سہولت بہم پہنچائیں :احمد وقاص ریاض و نعمان کبیر کی ہدایت

پیر 13 اگست 2018 22:48

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اگست2018ء) پنجاب کے نگران صوبائی وزراء برائے اطلاعات اور لائیو سٹاک احمد وقاص ریاض اور میاں نعمان کبیر نے شاہ پور کانجراں میں قائم لاہور کی سب سے بڑی مویشی منڈی کا دورہ کیا اور وہاں کے مسائل و سہولیات کا جائزہ لیا ،وزراء صاحبان مختلف بیوپاریوں اور خریداروں کے پاس گئے اور ان سے گفتگو کی ،انہوں نے کہا کہ حکومتی ادارے عوام کو ہر ممکن سہولت بہم پہنچائیں گے اور قربانی جیسے اہم مذہبی فریضے کیلئے جس قدر ممکن ہو سکے موافق حالات فراہم کیے جائیں گے ، صوبائی وزراء کو بتایا گیا کہ اس سال پولیس کی نفری کی تعداد کہیں زیادہ ہے ،اسی طرح مویشی منڈی میں جانوروں کو گرمی اور بیماریوں سے بچاؤ کیلئے ضروری انتظامات بھی کیے گئے ہیں ، وزیر لائیوسٹاک میاں نعمان کبیر کو ویکسی نیشن کے سٹال پر بریفنگ میں بتایا کہ جانوروں کو بیماریوں سے بچاؤ کیلئے وافر مقدار میں ادویات موجود ہیں جبکہ مویشی مالکان کی باقاعدہ کونسلنگ کی جار ہی ہے ،وزیر اطلاعات احمد وقاص ریاض نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب پروفیسر حسن عسکری رضوی کی ہدایت پر صوبائی وزراء مویشی منڈی کا دورہ کر رہے ہیں تاکہ شہریوں کو درپیش مشکلات کا جائزہ لیا جا سکے ،دونوں وزراء صاحبان نے مویشی منڈی کا راؤنڈ کیا اور مختلف جگہوں پر عام شہریوں اور مویشی مالکان سے تفصیلی گفتگو کی ۔