لاہور پولیس نے یومِ آزادی کا سکیورٹی پلان جاری کر دیا

پیر 13 اگست 2018 23:06

لاہور۔13 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2018ء) ڈی آئی جی آپریشنز لاہور شہزاد اکبرنے کہا ہے کہ سکیورٹی پلان کے مطابق 14 اگست کو 10 ہزار سے زائد پولیس اہلکار فرائض سرانجام دیں گے۔لاہور پولیس یومِ آزادی کے موقع پر 900 سے زائد تقریبات کو سکیورٹی فراہم کرے گی۔ تقریبات کو حساسیت کی وجہ سے تین کیٹیگریز اے،بی اور سی میں تقسیم کیا گیا ہے۔

یومِ آزادی کے موقع پر ون ویلنگ، ہوائی فائرنگ، آتش بازی یا کسی قسم کی ہلڑ بازی پر زیرو ٹولرنس ہوگا۔

(جاری ہے)

تمام ایس پیز، ڈی ایس پیز اور ایس ایچ اوز سکیورٹی پلان پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔ لاہور پولیس یومِ آزادی کی تمام تقریبات کو فول پروف سکیورٹی فراہم کرے گی ۔یومِ آزادی کے موقع پر پارکوںا ور تفریحی مقامات پر بھی بھاری نفری تعینات کی جائیگی۔

ڈولفن سکواڈ اور پولیس ریسپانس یونٹ کے اہلکار اہم شاہرائوں پر گشت کو یقینی بنائیں گے۔سڑکوں پر ون ویلنگ کو روکنے کیلئے آج رات سے کل رات تک خصوصی پولیس سکواڈز فرائض سرانجام دینگے۔ انہوںنے مزید کہا کہ نوجوان یومِ آزادی کی قربانیوں کو یاد کر کے اس ملک کو مزید ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کا عہد کریں۔ ہمیں پاکستان ہزاروں لازوال قربانیوں کے بعد حاصل ہوا ہے۔