Live Updates

سعودی فرمانروا شاہ سلمان کا تحریک انصاف کے سربراہ اور نامزد وزیراعظم عمران خان کو ٹیلی فون ، انتخاب جیتنے پر مبارکباد دی

سعودی فرمانروا کی جانب سے عمران خان کو سعودی عرب کے دورہ کی دعوت دی گئی، نامزد وزیراعظم نے دعوت قبول کرلی ، عمران خان نے بھی سعودی فرمانروا کو پاکستان کے دورہ کی دعوت دی سعودی عرب نئی حکومت کے ساتھ نہایت قریبی اور متحرک تعلقات کا خواہاں ہے، سعودی فرمانروا شاہ سلمان کی عمران خان سے گفتگو سعودی عرب، پاکستان کا ایسا دوست ہے جس نے ہمیشہ اور ہر مشکل کی گھڑی میں ہمارا ساتھ دیا، الحرمین الشریفین کا تحفظ ہمارے عقیدے کا حصہ ہے،عمران خان

پیر 13 اگست 2018 23:09

سعودی فرمانروا شاہ سلمان کا تحریک انصاف کے سربراہ اور نامزد وزیراعظم ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2018ء) سعودی فرمانروا شاہ سلمان نے تحریک انصاف کے سربراہ اور نامزد وزیراعظم عمران خان کو ٹیلی فون کیا اور انتخاب جیتنے پر مبارکباد دی۔ پیر کو پاکستان تحریک انصاف کے میڈیا ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق شاہ سلمان نے نئی حکومت کیلئے نیک تمناؤں اور خواہشات کا اظہار کیا اور کہا کہ سعودی عرب کی نظر میں پاکستان نہایت اہمیت کا حامل ہے۔

سعودی فرمانروا جو خادم الحرمین الشریفین بھی ہیں، نے کہا کہ پاکستان کے عوام نے آپ پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب نئی حکومت کے ساتھ نہایت قریبی اور متحرک تعلقات کا خواہاں ہے۔ سعودی فرمانروا کی جانب سے نیک تمنائوں اور نیک خواہشات کے اظہار پر تحریک انصاف کے چیئرمین و نامزد وزیراعظم عمران خان نے سعودی فرمانروا کا شکریہ ادا کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب، پاکستان کا ایسا دوست ہے جس نے ہمیشہ اور ہر مشکل کی گھڑی میں ہمارا ساتھ دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم سعودی عرب کی سکیورٹی کو نہایت اہمیت کا حامل سمجھتے ہیں۔ عمران خان نے کہا کہ الحرمین الشریفین کا تحفظ ہمارے عقیدے کا حصہ ہے۔ سعودی فرمانروا کی جانب سے چیئرمین تحریک انصاف کو سعودی عرب کے دورہ کی دعوت دی جسے نامزد وزیراعظم نے قبول کیا۔ نامزد وزیراعظم عمران خان کی جانب سے سعودی فرمانروا کو بھی پاکستان کے دورہ کی دعوت دی گئی جس کی تفصیلات بعد میں طے کی جائیں گی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات