بلوچستان کے امن سے پاکستان کا امن جڑا ہوا ہے،سی پیک ایک عظیم اور پاکستان کی ترقی کا منصوبہ ہے، مولانا محمد اشفاق

پیر 13 اگست 2018 23:44

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اگست2018ء) ملی مسلم لیگ بلوچستان کے صدر مولانا محمداشفاق نے کہا ہے کہ پاکستان ایک عظیم نعمت ہے ہمیں اس کی قدر کرنی چاہیے۔ بلوچستان کے امن سے پاکستان کا امن جڑا ہوا ہے۔سی پیک ایک عظیم اور پاکستان کی ترقی کا منصوبہ ہے۔ملی مسلم لیگ وطن عزیز کو قائداعظم کا پاکستان بنانا چاہتی ہے۔نظریہ پاکستان کی بنیاد پر سب کو متحد کریں گے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے روشن بلوچستان الائنس کے زیرِ اہتمام منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ منعقدہ اجلاس میں یہ طے پایا کہ روشن بلوچستان الائنس اور ملی مسلم لیگ کے زیرِاہتمام کل بروز 14 اگست کو ایک عظیم الشان استحکامِ پاکستان ریلی کا انعقاد کیا جائیگا جو میجر چوک مستونگ سے صبح دس بجے روانہ ہو گی اور کسٹم چوک کوئٹہ سے ہوتے ہوئے تین بجے بلوچستان پل سریاب روڈکوئٹہ پہنچے گی جہاں پر پاکستان کے سب سے طویل پاکستانی پرچم کی پرچم کشائی کی جائیگی ۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ طویل پاکستانی پرچم کی لمبائی تین کلو میڑ ہے۔ ریلی میں دیگر مذہبی و سیاسی جماعتوں کے رہنما اپنے کارکنان کے ساتھ شریک ہونگے ۔ ریلی میں تمام شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد بڑی تعداد میں شریک ہونگے ۔ریلی کے اختتام پر امداد چوک کوئٹہ پرپریس کانفرنس ہوگی۔