Live Updates

بلاول ہائوس کی بیرونی دیوار سے عوام پریشان ہیں، نامزد گورنر سندھ

بلاول ہائوس کی بیرونی دیوارگرائی جائے ورنہ قانونی کارروائی کریں گے، عمران اسماعیل پیپلزپارٹی یا مسلم لیگ(ن)سے کوئی مفاہمت نہیںہورہی ہے، مراد علی شاہ کو مبارک باد دی ہے، میڈیا سے بات چیت

پیر 13 اگست 2018 23:54

بلاول ہائوس کی بیرونی دیوار سے عوام پریشان ہیں، نامزد گورنر سندھ
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اگست2018ء) نامزد گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ بلاول ہائوس کی بیرونی دیوار گرادی جائے ورنہ قانونی کارروائی کریں گے،پیپلزپارٹی یا مسلم لیگ(ن)سے کوئی مفاہمت نہیںہورہی ہے، مراد علی شاہ کو مبارک باد دی ہے۔پیرکوایم کیو ایم پاکستان کے عارضی مرکز بہادر آباد میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے عمران اسماعیل نے کہاکہ بلاول ہائوس کی بیرونی دیوار سے عوام پریشان ہیں، بلاول ہائوس جاں گا اور بلاول بھٹو زرداری سے گزارش کروں گا کہ یہ دیوار عوام کے لئے تکلیف کا باعث ہے لہذا اسے گرادیا جائے اگر بلاول بھٹوزرداری نے بات نہ مانی تو قانونی راستہ اختیار کروں گا اوراس حوالے سے عدالت بھی جانا پڑا تو جائوں گا۔

انہوں نے کہاکہ ایم کیو ایم پاکستان کو آج وفاق میں حکومت کی شمولیت کی دعوت دی ہے جب کہ متحدہ سے کراچی پیکج پر بھی گفتگو ہوئی اور ایک دوسرے کی تجاویز پر تبادلہ خیال ہوا، ہم نے ایم کیو ایم سے اتحاد اسی لئے کیا ہے تا کہ کراچی کو ترقی ملے کیوں کہ متحدہ قومی موومنٹ بھی کراچی کی اسٹیک ہولڈر ہے اور امید ہے کہ ایم کیو ایم بھی ہمارے ساتھ ملکر کام کرے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ لاپتہ افراد کے معاملے پر بھی متحدہ سے بات چیت ہوئی ہے اور وفاقی حکومت لاپتہ افراد کی بازیابی کے لئے کوششیں کرے گی۔ عمران اسماعیل نے کہا کہ بحثیت گورنر وفاق اور صوبے میں برج کا کردار ادا کروں گا، پیپلزپارٹی ہماری سیاسی حریف ہے، سندھ کے ترقیاتی منصوبے پر کوئی اثر نہیں پڑنا چاہئے۔نامزد گورنر سندھ نے کہا کہ اسمبلی میں پیپلزپارٹی کا ووٹ چاہئیے نہ ہی وہ دیں گے، خواہش ہے کہ کے پی کے کی طرح سندھ پولیس میں اصلاحات ہو، اربن سندھ نے پیپلزپارٹی کو مسترد کردیا ہے۔

عمران اسماعیل نے کہا کہ عمران خان کو ایک ہی نشست رکھنی ہے، میانوالی ان کی آبائی سیٹ ہے، کراچی پر عمران خان نے کوئی یوٹرن نہیں لیا ہے۔انہوں نے کہا کہ کراچی نے ہمیں مینڈیٹ دیا ہے، خان صاحب نے کبھی گورنر ہائوس گرانے کا نہیں کیا، عمران خان نے دیواریں گرانے کی بات کی تھی، گورنر ہائوس کی دیواریں گراکر پارک بنانے کی کوشش کریں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات