بیوی کے پیسے مانگنے سے تنگ ایک شخص کا اپنی ہی موت کا ڈراما

Ameen Akbar امین اکبر پیر 13 اگست 2018 23:48

بیوی کے پیسے  مانگنے سے تنگ ایک شخص  کا اپنی ہی موت کا ڈراما
امریکا میں کام کرنے والے ہونڈرس سےتعلق رکھنے والے 27 سالہ  ڈینی گونزالیز نے بیوی کے پیسے مانگنے سے تنگ آ کر اپنی موت کا ڈراما رچا لیا۔
ڈینی نے رپورٹروں کو بتایا کہ ان کی شادی دو سال پہلے ہوئی تھی۔ تب سے لے کر آج تک اُن کی بیوی ہر ہفتے فون کر کے بس رقم کا تقاضا کرتی رہتی ہے۔ ڈینی نے بتایا کہ جب اُن کی برداشت کی حد جواب دے گئی تو انہوں نے بیوی کو روکنے کے لیے ایک منصوبہ بنایا۔


ڈینی نے خود کو مردہ ظاہر کر کے اپنی چند تصاویر لیں اور اپنی بیوی کو اس میسج کے ساتھ بھجوا دیں کہ ڈینی کینسر اور دمے کی وجہ سے فوت ہوگیا ہے۔ تصاویر میں ڈینی کے نتھوں میں روئی اور جسم پر سفید چادر بھی دکھائی گئی تھی۔
ہونڈرس میں ڈینی کی بیوی نے یہ تصاویر مقامی ٹی وی اسٹیشن کو بھجوا دیں۔

(جاری ہے)

مقامی ٹی وی اسٹیشن نے امریکا میں کام کرنے والے ہونڈرن کی وفات کی خبر تصویروں کے ساتھ چلا دی۔

یہ تصاویر جیسے ہی ٹی وی پر آئیں، ڈینی کی ماں سمیت تمام رشتے دار دکھی ہوگئے ۔ کچھ لوگوں نے تصاویر کو غور سے دیکھا تو انہیں اندازہ ہوا کہ جیسے ڈینی اپنی ہنسی روکنے کی کوشش کر رہا ہے۔تصویروں کو غور سے دیکھنے پر پتا چلا کہ  جس  چادر نے ڈینی کو ڈھانپا ہوا ہے، وہ اصل میں تکیے کا غلاف ہے۔یہ تصاویر جیسے ہی وائرل ہوئیں بہت سے لوگوں نے بھی ان کے جعلی ہونے کا خدشہ ظاہر کیا تو مقامی میڈیا نے تحقیقات کا فیصلہ کیا۔

مقامی میڈیا نے فوراً ہی پتا چلا لیا کہ ڈینی نہ صرف زندہ ہیں  بلکہ صحت مند بھی ہیں۔ ڈینی نے بھی فوراً ہی اپنی موت کے ڈرامے کا اعتراف کر لیا۔
ڈینی نے بتایا کہ اُن کی بیوی ہر ہفتے فون کر کے زیادہ سے زیادہ رقم کا تقاضا کرتی رہتی ہے، اس کے بعد سارے ہفتے وہ نہ کوئی تصویر بھیجتی اور نہ ہی کوئی بات کرتی۔ ڈینی نے بتایا کہ وہ اپنی بیوی کو 6 موبائل فون بھیج چکے ہیں لیکن اُن کی بیوی انہیں فون کر کے بس یہی بتاتی کہ اُن کا فون چوری ہوگیا ہے۔
ہونڈرس کے کچھ سوشل میڈیا صارفین ڈینی کے جواب پر کافی ہنسے ہیں جبکہ بہت سے صآرفین نے ڈینی پر کافی تنقید کی ہے۔ ڈینی کے اپنے گھر والوں نے ان پر کافی تنقید کی اور کہا اانہوں نے اپنے گھروالوں کو بھی تکلیف دی ہے۔
بیوی کے پیسے  مانگنے سے تنگ ایک شخص  کا اپنی ہی موت کا ڈراما