یوم آزادی کے موقع پر مزار قائد اور اور مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی

Fahad Shabbir فہد شبیر منگل 14 اگست 2018 09:06

یوم آزادی کے موقع پر مزار قائد اور اور مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14اگست۔2018ء) پاکستان کی اکہترویں یوم آزادی کے موقع پر کراچی میں مزار قائد اور لاہور میں مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریبات منعقد ہوئی۔ مزار قائد پر نیوی جبکہ مزار اقبال پر پنجاب رینجرز کے چاق وچوبند دستوں نے اعزازی گارڈز کے فرائض سنبھال لیئے۔اکتہر ویں یوم آزادی کے موقع پر کراچی میں مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب ہوئی۔

نیوی کے کیڈٹس نے مزار قائد پر اعزازی گارڈز کے فرائض سنبھال لئے۔ اعزازی گارڈز میں نیول اکیڈمی کے دو دستے شامل ہیں۔

(جاری ہے)

تقریب کے مہمان خصوصی کمانڈنٹ پاکستان نیول اکیڈمی کموڈور وقار محمد تھے۔ نیول کموڈور وقار محمد نے مزار قائد پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔یوم آزادی کے موقع پر لاہور میں بھی مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب ہوئی۔ پنجاب رینجرز کے چاق و چوبند دستے نے مزار اقبال پر اعزازی گارڈز کے فرائض سنبھالے۔ جی او سی میجر جنرل شاہد محمود نے فوج اور رینجرز کے دستوں کا معائنہ کیا۔ انہوں نے مزار اقبال پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی بھی کی۔ اس موقع پر وطن عزیز کی سلامتی کیلئے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔