Live Updates

پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے نامزد وزیراعظم عمران خان کا نومنتخب اراکین قومی اسمبلی کے اعزاز میں عشائیہ،اتحادی جماعتوں کے اراکین اسمبلی کی بھی شرکت‘ عشائیے میں سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے انتخاب کے حوالے سے لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا ‘عمران خان کی تمام ممبران کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں حاضری یقینی بنانے کی ہدایت

منگل 14 اگست 2018 09:50

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اگست2018ء) پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے نامزد وزیراعظم عمران خان نے نومنتخب اراکین قومی اسمبلی کے اعزاز میں عشائیہ دیا جس میں اتحادی جماعتوں کے اراکین اسمبلی نے بھی شرکت کی‘ عشائیے میں سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے انتخاب کے حوالے سے لائحہ عمل پر تبادلہ خیال بھی کیا گیا ‘عمران خان نے تمام ممبران کو قومی اسمبلی اجلاس میں حاضری یقینی بنانے کی ہدایت دی ۔

پی ٹی آئی کے ترجمان فواد چوہدری نے عشائیے کے بعد صحافیوں سے گفتگو کر تے ہوئے بتایا کہ عمران خان کی جانب ممبران قومی اسمبلی کے اعزاز میں عشائیہ دیا گیا ہے ۔نامزد سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کا اپنے اور اتحادی جماعتوں کے ممبران قومی اسمبلی سے تعارف کرایا گیا اور ووٹنگ کے طریقہ کار سے بھی آگاہ کیا گیا ۔

(جاری ہے)

فواد چوہدری نے بتایا کہ سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے انتخاب کے عمل کے لئے چھ سے سات گھنٹے کا عمل ہوگا اس حوالے سے تمام ممبران اسمبلی کو تفصیل سے بریف کیا گیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی قیادت نے یہ بھی فیصلہ کیا کہ وزیراعظم کے انتخاب کے لئے اجلاس سے قبل 17اگست کو صبح 8بجے پارلیمنٹ ہائوس میں پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوگا ۔ترجمان پی ٹی آئی نے بتایا کہ آج بھی عمران خان نے اپنے ممبران اسمبلی پر زور دیا کہ وہ پارلیمنٹ میں اجلاس کے دوران اپنی مکمل اور بروقت حاضری کو یقینی بنائیں ‘عمران خان نے خواتین پارلیمنٹرین کو بھی ہدایت دی کہ وہ بھی ایوان کی کارروائی میں بھرپور حصہ لیں ۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کو اس وقت 180اراکین قومی اسمبلی کی مکمل حمایت ہے ‘سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کا انتخاب بھی ہم با آسانی جیت جائیں گے ۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات