صدر ٹرمپ نسل پرست ہیں ، سابق صدارتی مشیر

منگل 14 اگست 2018 11:10

واشنگٹن ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اگست2018ء) وائٹ ہاؤس کی ایک سابق مشیر اوماروزا مینیگالٹ نیومین نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو نسل پرست قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے بار بار نسل پرستانہ جملوں کا استعمال کیا۔جنوری تک صدارتی مشیر رہنے والی مینیگالٹ نے این بی سی ٹیلی ویژن پر یہ بات کہی۔ وہ اپنی نئی کتاب کو متعارف کروانے کے لیے پروگرام میں آئی تھیں، ان کا دعویٰ ہے کہ یہ کتاب ٹرمپ انتظامیہ کی اندرونی کہانی پر مبنی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ٹرمپ حقیقتاً ایک نسل پرست ہیں، جنہوں نے افریقی نژاد امریکیوں کے لیے نسل پرستانہ القاب استعمال کیے ہیں، اور اس بات کو ثابت کرنے کے لیے ایک ٹیپ بھی موجود ہے۔انہوں نے گزشتہ دسمبر میں اپنی برطرفی کے وقت وائٹ ہاؤس کے چیف آف سٹاف جان کیلی سے ہونے والی گفتگو کی ریکارڈنگ کے کچھ حصے بھی جاری کئے ہیں۔سابق مشیر نے کہا کہ وائٹ ہاؤس کی ملازمت سے برطرفی کے بعد، انہیں خاموش رہنے کے لیے ماہانہ 15 ہزار ڈالرکی پیشکش کی گئی تھی جو انہوں نے مسترد کردی۔