باب المندب کی سلامتی کے لیے ہرمٴْمکن قدم اٹھائیں گے،ترجمان عرب اتحاد

حوثیوں کی طرف سے باب المندب کی سلامتی کو لاحق خطرات کا تدارک کیا جائے گا،پریس کانفرنس

منگل 14 اگست 2018 12:43

صنعاء (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اگست2018ء) یمن میں دستوری حکومت کی بحالی کے لیے سرگرم عرب اتحاد نے کہا ہے کہ یمن کی بین الاقوامی بندرگاہ باب المندب کے تحفظ کے لیے ہرممکن اقدامات کیے ہیں اور آئندہ بھی باب المندب کی سلامتی کو درپیش خطرات کے تدارک کے لیے ہرممکن اقدام سے گریز نہیں کریں گے۔عرب ٹی وی کے مطابق عرب اتحادی فوج کرنل ترکی المالکی نے ایک پریس بریفنگ میں کہا کہ باب المندب سے بین الاقوامی مال بردار بحری جہازوں کی بہ حفاظت آمد ورفت کو یقینی بنانے کے لیے کسی بھی اقدام سے گریز نہیں کریں گے۔

حوثیوں کی طرف سے باب المندب کی سلامتی کو لاحق خطرات کا تدارک کیا جائے گا۔یمن کے شہر مآرب میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کرنل المالکی نے زور دے کر کہا کہ حوثی شدت پسند، داعش اور القاعدہ دہشت گردانہ نظریات کے فروغ میں ایک دوسرے کے معاون ومدد گار ہیں، جب کہ عرب فوجی اتحاد تمام دہشت گرد تنظیموں کے ساتھ مساوی انداز میں نمٹنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ یمن میں سرکاری فوج، مزاحمتی ملیشیا اور عرب اتحادی فوج نے حج گورنری میں 50 مربع کلو میٹرکا علاقہ حوثی باغیوں سے واپس لے لیا ہے۔عسکری ذرائع کا کہنا تھا کہ یمنی فوج حضہ کے اہم تزویراتی علاقے مثلث عاھم سے صرف پانچ کلو میٹر دور ہے۔