دُبئی: قحبہ خانہ چلانے پر بھارتی اور بنگلہ دیشی باشندوں کو سزا

ملزمان کی ساتھی طوائف کو تین سال قید کی سزا سُنائی گئی ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 14 اگست 2018 12:01

دُبئی: قحبہ خانہ چلانے پر بھارتی اور بنگلہ دیشی باشندوں کو سزا
دُبئی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14 اگست 2018ء) دُبئی کی عدالت نے تین غیر مُلکیوں کو قحبہ خانہ چلانے کے جُرم میں پانچ پانچ سال قید کی سزا سُنائی ہے۔ سرکاری استغاثہ کے مطابق ایک بھارتی اور دو بنگلہ دیشی افراد نے المرقبت کے علاقے حور ال انز میں اپنے فلیٹ کو جسم فروشی کا اڈہ بنا رکھا تھا۔ ایک گاہک سے ان کا پیسوں پر جھگڑا ہوا‘ جس دوران گاہک کھڑکی سے نیچے گراؤنڈ فلور پر آ گِرا۔

اس واقعہ کی اطلاع پولیس کو دی گئی۔ پولیس کی جانب سے زخمی شخص سے تفتیش کرنے پر انکشاف ہوا کہ وہ اس فلیٹ میں جنسی غرض پُورا کرنے آیا تھا‘ پیسوں کی ادائیگی کے معاملے پر جھگڑا ہوا ‘ جس دوران وہ زمین پر آ گرا۔ عدالت نے تینوں ملزمان کو پانچ پانچ سال قید کی سزا سُنائی۔ اس کے علاوہ ایک لاکھ اماراتی درہم کا جرمانہ بھی عائد کیا ہے۔

(جاری ہے)

ملزموں کی ایک ساتھی 25 سالہ بھارتی خاتون جو مذکورہ فلیٹ میں جسم فروشی کرتی تھی‘ عدالت نے اُسے جسم فروشی پر تین سال قید کی سزا سُنائی ہے۔

ملزمان کو سزا پُوری ہونے کے بعد ڈی پورٹ کر دیا جائے گا۔ تینوں ملزمان کا جسم فروشی کے دھندے میں الگ الگ کردار تھا۔ ان میں سے ایک 28 سالہ بھارتی گاہکوں کو گھیر کر فلیٹ پر لاتا۔ ملزمہ سے جنسی فعل کے بعد‘ اُس کا 36 سالہ ہم وطن گاہکوں سے رقم وصول کرتا۔ جس کے بعد وہ یہ رقم اپنے 33سالہ بنگلہ دیشی کے حوالے کر دیتا۔ اس فلیٹ میں غیر اخلاقی افعال کے لیے پارٹیشن بنائی گئی تھی۔

ایک پولیس اہلکار نے عدالت کو بتایا کہ وہ 21 اپریل 2018ء کی رات کو معمو ل کے گشت پر تھاجب اُسے کسی نے بتایا کہ ایک شخص ایک بلڈنگ کے سیکنڈ فلور سے زمین پر آن گرا ہے۔ جب موقع پر جا کر دیکھا گیا تو داخلی راستے کے قریب ایک شخص زمین پر زخمی حالت میں بیٹھا ہوا تھا۔ اُس کے داہنے بازو سے خون رِس رہا تھا۔ اُس نے ہمیں بتایا کہ وہ کچن کی کھڑکی سے نیچے گِر گیا ہے۔ اُسے ہسپتال لے جایا گیا۔ اُس نے پولیس کو بتایا کہ وہ فلیٹ میں جنسی غرض پُورا کرنے کی غرض سے گیا تھا۔ جہاں پیسوں کے معاملے پر دلالوں سے جھگڑا ہوا ‘ جس دوران وہ نیچے آ گِرا۔ اس پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے فلیٹ پر چھاپہ مارا اور قحبہ خانہ چلانے کے جُرم میں ملزموں کو گرفتار کر لیا۔