Live Updates

سید علی گیلانی کا پاکستان کے یومِ آزادی پر پاکستانی حکومت اور قوم کو مبارکباد دی

پاکستان کو نہ صرف مسلم ممالک، بلکہ عالمی برادری میں بھی قائدانہ کردار ادا کرنا چاہیے

منگل 14 اگست 2018 12:47

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اگست2018ء) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے پاکستان کے یومِ آزادی پر پاکستانی حکومت اور قوم کو دل کی عمیق گہرائیوں سے مبارکباد دی ہے۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق سید علی گیلانی نے سرینگر میں جاری اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان کی22کروڑ عوام پر یہ ملی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اس مبارک موقع پر یہ عہد کرلیں کہ وہ پاکستان کے استحکام، ترقی اور امن کے لیے اپنے آپ کو وقف رکھیں گے۔

انہوںنے ایک مضبوط پاکستان کے لیے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان عالم اسلام کا ایک مضبوط قلعہ ہے اور اس حیثیت سے اسے نہ صرف مسلم ممالک بلکہ عالمی برادری میں بھی ایک قائدانہ کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

حریت چیئرمین نے امید ظاہر کی کہ پاکستانی حکمران ملک میں آباد اقلیتوں کے حقوق کا پورا تحفظ کرنے میں کوئی کمی نہیں آنے دیں گے۔

انہوںنے کہا کہ مسئلہ کشمیر اور فلسطین کو حل کرنے میں پاکستان ایک نمایاں اور قابل قدر کردار ادا کررہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہمارے فلسطینی بھائی اسرائیل کی ننگی جارحیت کا مردانہ وار مقابلہ کررہے ہیں اور اسی طرح بھارت مظلوم کشمیری قوم کے ساتھ ظالمانہ سلوک روا رکھے ہوئے ہے۔ انہوںنے پاکستان کی طرف سے فلسطین اور کشمیر کے حوالے سے سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھنے کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی طرف سے اپنے تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ خیرسگالی اور دوستی کا جذبہ قابل ستائش ہے ۔

سید علی گیلانی نے اُمید ظاہرکی کہ پاکستان ہماری حقِ خودارادیت کی تحریک کو اپنے منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے اپنا بے لوث اور تاریخی کردار ادا کرنے کی کوشش جاری رکھے گا۔ حریت چیئرمین نے اس اُمید کا بھی اظہار کیا کہ 18اگست کو حلف برداری کے ساتھ نو منتخب وزیر اعظم عمران خان ایک مثالی ریاست مدینہ کے احیائے نو کی نیک شروعات کریں گے اور دنیا بھر کے مظلوموں کے حقوق کوتحفظ فراہم کرنے کی پہل کرکے عدل وانصاف کے ساتھ حکمرانی کا فریضہ انجام دیں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات