Live Updates

عمران خان کی حلف برداری،عظیم بھارتی کرکٹر کی شرکت سے معذرت

ذاتی مصروفیات کے باعث شرکت نہیں کرسکوں گا:کپل دیو

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 14 اگست 2018 12:47

عمران خان کی حلف برداری،عظیم بھارتی کرکٹر کی شرکت سے معذرت
نئی دہلی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔14اگست 2018 ء) عمران خان کی وزیر اعظم بننے کی تقریب حلف برداری میں سابق بھارتی کپتان کپل دیو بھی شریک نہیں ہوں گے۔بھارتی میڈیا کے مطابق کپل ذاتی مصروفیات کے باعث شرکت نہیں کررہے۔اس سے قبل سابق کپتان سنیل گواسکر بھی کمنٹری میں مصروفیات کے باعث تقریب میں شرکت سے معذرت کر چکے ہیں۔واضح رہے کہ عمران خان کی وزیر اعظم بننے کی تقریب حلف برداری 18 اگست کو شیڈول ہے۔

عمران خان کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے لیے تین بھارتی کرکٹرز کو مدعو کیا گیا تھا جن میں سابق اوپنر سنیل گواسکر،سابق کپتان کپل دیو اور نوجوت سنگھ سدھو شامل ہیں۔بھارت کے سابق کرکٹر سنیل گواسکر نے عمران خان کی تقریب حلف برداری میں شرکت کرنے سے معذرت کرتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کہا ہے کہ عمران خان کا وزیر اعظم بننا بڑا موقع ہے توقع ہے پاک بھارت تعلقات کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔

(جاری ہے)

سابق کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو تقریب کا دعوت نامہ قبول کر چکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ تقریب میں شرکت کا دعوت نامہ ذاتی ہے، سیاسی نہیں، عمران خان سے بہت پرانے تعلقات ہیں، وہ زبردست شخص ہیں، ان کی گرمجوشی کا شکریہ ادا کرتا ہوں، کھلاڑی اورآرٹسٹ رکاوٹوں کو توڑ سکتے ہیں۔واضح رہے کہ قومی اسمبلی میں پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی ) 115 نشستیں جیت کر ایوان زیریں کی سب سے بڑی جماعت بن کر سامنے آئی ہے، پاکستان مسلم لیگ (ن) 64 نشستوں کے ساتھ دوسری جب کہ پاکستان پیپلز پارٹی(پی پی پی ) 43 سیٹوں کے ساتھ تیسری بڑی جماعت بن کر ابھری ہے، متحدہ مجلس عمل(ایم ایم اے ) کی قومی اسمبلی میں 12،پاکستان مسلم لیگ (ق)5، ایم کیو ایم پاکستان 6 ، گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس(جی ڈی اے) 2 جب کہ عوامی مسلم لیگ، پاکستان تحریک انسانیت، عوامی نیشنل پارٹی(اے این پی) اوربلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) کا ایک، ایک امیدوار کامیاب ہوا ہے، دوسری جانب 12 آزاد امیدوار قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے ہیں۔

 

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات