جب تک کشمیریوں کو آزادی نہیں ملتی پاکستان کا جشن آزادی بھی نا مکمل ہے‘شیخ جمیل الرحمن

پاکستان مظلوم اور محکوم کشمیریوں کو بھارت کی چنگل سے آزاد کرانے کے لئے ہنگامی نوعیت کے اقدامات کرے

منگل 14 اگست 2018 13:02

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اگست2018ء) متحدہ جہاد کونسل کے سیکریٹری جنرل اور تحریک المجاہدین کے امیر شیخ جمیل الرحمان نے پاکستان کو جشن آزادی پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان مظلوم اور محکوم کشمیریوں کو بھارت کی چنگل سے آزاد کرانے کے لئے ہنگامی نوعیت کے اقدامات کرے، دنیا میں جارحانہ سفارتی اور سیاسی مہم شروع کی جائے۔

ایک بیان میں انھوں نے کہا کہ پاکستان مسلہ کشمیر کا ایک بنیادی فریق ہے اس لئے جب تک کشمیریوں کو آزادی نہیں ملتی پاکستان کا جشن آزادی بھی نا مکمل ہے۔پاکستان کی نئی حکومت بھار ت کے ساتھ مذاکرات میں مسلہ کشمیر کے حل اور ریفرنڈم کو ترجیح دے۔بھارت کے عوام کی آزادی کے خلاف نہیں مگر کشمیریوں کو غلام رکھنے میں بھارتی تعلیم یافتہ اور باشعور طبقے کی خاموشی افسوسناک ہے۔

(جاری ہے)

بھارت کی جانب سے کشمیریوں کی آزادی سلب کرنے کے بعد یوم آزادی منانا ایک مذاق ہے۔ سچ یہ ہے کہ بھارت ابھی تک آزاد نہیں ہوا۔ وہ صرف انتہا پسند جن سنگھیوں اور ان کے حامیوں کے پنجے میں جھکڑا ہواہے۔ یہی وجہ ہے کہ بھارت کے اندر لا تعداد آزادی کی تحریکیں سر گرم ہیں۔ شمال مشرق میںکروڑوں لوگ بنیادی حقوق سے محروم ہیں۔ وہ بھارت سے الگ ہونا چا ہتے ہیں۔

آزاد ملک خالصتان بھی بن کر رہے گا۔ بھارت بھی سوویت یونین کے نقش قدم پر چل رہا ہے۔ جس کا انجام بھی سوویت یونین کی ٹوٹ پھوٹ جیسا ہو گا۔ تا ہم پاکستان اور بھارت میں بہت فرق ہے۔ دونوں کو ایک پلڑے میں نہیں تولا جا سکتا ہے۔ایک قابض ہے اور دوسرا معاون۔ پاکستان کے یوم آزادی پر کشمیر کی آزادی کے لئے تجدید عہد کرنے کی ضرورت ہے۔ اس خطے سے طاقتور ترین انگریز چلے گئے بھارت کو بھی ایک دن ضرور جانا ہو گا۔ طاقت اور بندوق سے آزادی کی امنگ کو کچلا نہیں جا سکتا ہے۔اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوانوں کی جوق در جوق مسلح جدوجہد میں شمولیت اس کی مثال ہے۔ شہدا ء کی قربانیا ں رنگ لائیں گی۔