مقبوضہ کشمیر، بھارت کا یومِ آزادی کشمیری عوام کے لیے یوم عذاب کی حیثیت اختیار کرگیا ہے، حریت کانفرنس ، بھارت کے یوم آزادی سے قبل حریت رہنمائوں اور کارکنوں کو گرفتار کرنے کی شدید مذمت

منگل 14 اگست 2018 13:28

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اگست2018ء) مقبوضہ کشمیرمیںکل جماعتی حریت کانفرنس نے 15اگست ،بھارت کے یوم آزادی کو یومِ سیاہ کے طورپر منانے کی اپیل کرتے ہوئے کہاہے اگرچہ بھارتی عوام کے یومِ آزادی منانے پر ہمیں کوئی اعتراض نہیں ہے لیکن جس طرح کشمیریوں کو ظلم وجبر، عذاب وعتاب اورقتل وغارت کا نشانہ بنایا جارہا ہے، اس لحاظ سے بھارت کا یومِ آزادی کشمیری عوام کے لیے یوم عذاب کی حیثیت اختیار کرگیا ہے۔

کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں افسوس کا اظہار کیا کہ جو قوم شعوری طور پر اپنا یومِ آزادی منارہی ہو وہ کس طرح کسی دوسری قوم کے حقِ آزادی پر شب خون مارسکتی ہے۔انہوںنے بھارت کے یوم آزادی سے قبل کشمیری عوام کو فوجی حصار میں یرغمال بنانے، ، حریت پسندوں کے گھروں پرچھاپے مارنے اورحریت پسند سیاسی رہنماؤں اورنوجوانوں کو نظربند کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کے یومِ آزادی پر کشمیریوں کی زندگی کو اجیرن بنانا عالمی برادری بالخصوص اقوامِ متحدہ کے لیے لمحہ فکریہ ہونا چاہیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ بدقسمتی سے عالمی سطح پر جمہوریت اور انسانی حقوق کے حوالے سے بلند بانگ دعوے کشمیر اور فلسطین میں آکر کھوکھلے ثابت ہورہے ہیں۔ حریت کانفرنس نے اقوامِ متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن سے مطالبہ کیا کہ وہ ریاست جموںو کشمیر میں حقِ خودارادیت کے مطالبے کی پاداش میں عوام کے ساتھ روا رکھے جانے والے ظالمانہ سلوک کا از خود مشاہدہ کرنے کے لیے ایک نمائندہ وفد کشمیر بھیجدے اوریہ دیکھ لے کہ بھارت کے یومِ آزادی پر کشمیریوں کے ساتھ کس قسم کا امتیازی سلوک کیا جارہا ہے۔

حریت کانفرنس نے حریت رہنمائوں محمد یاسین عطائی، سید امتیاز حیدر، شکیل احمد بٹ، محمد مقبول گنائی باتر گام، صوفی غلام محمد گاندربل، بشیر احمد چھون، محمد یوسف گنائی گاندربل، شکیل احمد حیاتپورہ بڈگام، فیاض احمد یتو حیات پورہ بڈگام، غلام رسول کار چاڈورہ، محمد سلطان بنگرو بڈگام، حاجی غلام حسن بٹ چاڈورہ اور اشفاق احمد خان کو گرفتار کرنے کی شدید مذمت کی۔ حریت ترجمان نے کہاکہ بھارتی پولیس مسلم لیگ کے جنرل سیکریٹری محمد رفیق گنائی کے گھر پر بار بار چھاپے مار کر ان کے اہل خانہ کو ہراساں کررہی ہے۔