سابق فاسٹ باﺅلر نے عمر اکمل کو ’اچھا بچہ ‘ بنانے کی ذمہ داری لے لی

عمر اکمل کو چیمپئنز ٹرافی کے دوران ان فٹ قرار دے کر مکی آرتھر نے وطن واپس بھیج دیا تھا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 14 اگست 2018 13:24

سابق فاسٹ باﺅلر نے عمر اکمل کو ’اچھا بچہ ‘ بنانے کی ذمہ داری لے لی
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔14اگست 2018 ء) مڈل آرڈر بلے باز عمر اکمل کے خلاف انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) تحقیقات کررہا ہے ، وہ یکم ستمبر سے اپنے نئے ڈپارٹمنٹ حبیب بینک کے لئے قائد اعظم ٹرافی میں حصہ لیں گے۔سابق کپتان یونس خان کے بعد عمر اکمل کو ڈسپلن کرنے کی ذمے داری سابق ٹیسٹ فاسٹ باﺅلر اورحبیب بینک کے ہیڈ کوچ سلیم جعفر نے لی ہے،سلیم جعفر نے حبیب بینک ٹیم کو سنبھالتے ہی یہ مشکل ذمے داری اپنے کاندھوں پر لے لی ہے۔

مڈل آرڈر بیٹسمین کو حبیب بینک نے ملازمت دے کر ان کے زخموں پر مرہم رکھ لیا ہے لیکن ان کے خلاف آئی سی سی کی تحقیقات خاموشی سے آگے بڑھ رہی ہیں۔حبیب بینک کے ٹیسٹ اوپنر احمد شہزاد کو مثبت ڈوپ ٹیسٹ آنے کی وجہ سے ممکنہ پابندی کا سا منا ہے جس کے بعد بینک نے احمد شہزاد کو کپتانی سے ہٹانے کے ساتھ ساتھ قائد اعظم ٹرافی کے لئے اپنے کھلاڑیوں کی فہرست میں بھی انہیں شامل نہیں کیا ، ایسے میں حبیب بینک نے ایک اور متازع کرکٹر عمر اکمل کو اپنی کرکٹ ٹیم میں شامل کر لیا ہے۔

(جاری ہے)

عمر اکمل اس سے قبل یو بی ایل میں تھے لیکن بینک کی ٹیم بند ہونے کے بعد عمراکمل نے کئی اور کھلاڑیوں کے ساتھ ڈپارٹمنٹ تبدیل کر لیا ہے،ذرائع کا کہنا ہے کہ حبیب بینک نے نئے ہیڈ کوچ سلیم جعفر نے عمر اکمل کو ٹیم میں شامل کرنے اور انہیں ڈسپلن کرنے کےلئے ٹاسک لیا ہے۔عمر اکمل 15ماہ قبل پاکستان ٹیم سے اس وقت باہر ہوئے تھے جب انگلینڈ میں چیمپنز ٹرافی سے قبل ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے انہیں ان فٹ کہہ کر وطن واپس بھیج دیا تھا۔

اس کے بعد عمر اکمل نے قومی اکیڈمی میں مکی آرتھر پر سنگین الزامات لگائے جس پر انہیں جرمانے کا سامنا کرنا پڑا۔انہوں نے چند ہفتے قبل میچ فکسنگ کا الزام لگا کر نئے تنازع کو جنم دیا اور ان کےخلاف تحقیقات جاری ہیں۔28سالہ عمر اکمل پاکستان کی جانب سے 16 ٹیسٹ 116 ون ڈے اور 82 ٹی ٹونٹی کھیل چکے ہیں لیکن انکا کیریئر تنازعات کا شکار ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی سی سی حکام نے عمر اکمل سے اسکائپ کے ذریعے بیان ریکارڈ کیا ہے اور پی سی بی سے عمر اکمل کے انٹرویو کی ریکارڈنگ مانگی گئی ہے۔