قیام امن کے لیے قربانیاں دینے والے تمام شہداء کوخراج تحسین پیش کرتاہوں ،

سی پی پیک منصوبے کی تکمیل سے بلوچستان میں معاشی انقلاب آئے گا اور صوبے کے بے روزگار نوجوانوں کوروزگار کے مواقع میسر آئینگے ،انتخابات میں بھرپورشرکت کرکے عوام نے دہشت گردوں کے عزائم کوخاک میں ملادیا،عوام کونئی حکومت سے بہت سے امید یں وابستہ ہیں ،نگران وزیراعلیٰ بلوچستان علاؤالدین مری کا کوئٹہ میں پرچم کشائی کی تقریب سے خطاب

منگل 14 اگست 2018 13:50

قیام امن کے لیے قربانیاں دینے والے تمام شہداء کوخراج تحسین پیش کرتاہوں ..
کوئٹہ۔14 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اگست2018ء) نگران وزیراعلیٰ بلوچستان علاؤالدین مری کہاہے کہ قیام امن کے لیے قربانیاں دینے والے تمام شہداء کوخراج تحسین پیش کرتاہوں دہشت گردی کوجڑسے ختم کرینگے دہشت گرد ہمارے حوصلے پست نہیں کرسکتے ملک میں جمہوری دورکاآغاز ہوچکاہے انتقال اقتدار کاسلسلہ چند روز میں مکمل ہوگا۔بلوچستان قدرتی معدنی وسائل سے مالامال ہے جن کو بروئے کار لاکر نہ صرف بلوچستان بلکہ پاکستان ترقی وخوشحالی کی راہ پر گامزن کرسکتے ہیں۔

ان خیالات کااظہار انہوںنے یوم آزاد ی کے موقع پر بلوچستان اسمبلی میں پرچم کشائی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔تقریب میں اسپیکر بلوچستان اسمبلی راحیلہ حمید خان درانی ،کمانڈسدرن کمانڈ لیفینیٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ ، نومنتخب اراکین اسمبلی ،چیف سیکرٹری بلوچستان ڈاکٹر اخترنذیر،آئی جی پولیس بلوچستان ،آئی جی فرنیٹئرکوربلوچستان سمیت دیگراعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی ۔

(جاری ہے)

نگران وزیراعلیٰ بلوچستان علاؤالدین مری نے کہا کہ مجھے اس بات کی خوشی ہے کہ ملک میں جمہوری ادارے مضبوط ہورہے ہیں ۔انہوںنے کہاکہ ملک اس وقت کسی سیاسی انتشار کامتحمل نہیں ہوسکتاہے کی ترقی اورخوشحالی جمہوریت کے ذرئعے ہی ممکن ہے۔پاک چائنا اقتصادی راہداری منصوبے کی تکمیل سے نہ صرف بلوچستان میں معاشی انقلاب آئے گا بلکہ صوبے کے بے روزگار نوجوانوں کوروزگارے کے مواقع میسر آئینگے بلوچستان قدرتی معدنی وسائل سے مالامال ہے ضرورت اس امرکی ہے کہ صوبے کے وسائل کوصحیح معنوں میں استعما ل کرتے بلوچستان کے عوام کے مسائل کوحل کیاجاسکتاہے ۔

نگران وزیراعلیٰ نے کہاکہ بلوچستان کے عوام کونئی حکومت سے بہت سے امید یں وابستہ ہیں اورمجھے یقین ہے کہ نئے آنے والی حکومت ان کی تواقعات پرپورااترے گی ۔نگران وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہاکہ سانحہ مستونگ اور کوئٹہ میں دہشت گردی کے واقعات کامقصد ملک میں انتخابی عمل کو سبوتاژ کرناتھا لیکن عوام نے انتخابات میں بھرپورطورپرشرکت کرکے ثابت کردیاکہ وہ دشمن کے تمام عزائم کوخاک میں ملائینگے۔

قبل ازیں نگران وزیراعلیٰ نے بلوچستان اسمبلی کے سبزدار پرقومی پرچم کولہرایا دن کارآغاز 21 توپوں کی سلامی سے ہوا نماز فجر کے بعد تمام مساجد میں قرآن خوانی اورملک کی ترقی وخوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں جبکہ صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے مختلف سکولوں ،کالجوں ا وریونیورسٹیوں میں جشن آزادی کی مناسبت سے تقریبات ً کاانعقاد کیاگیا۔