دفاعی صنعتیں ملک کی خودمختاری کا اہم ستون اور وطن کی سلامتی اور استحکام کی اہم ترین ضمانت ہیں، ایرانی وزیر دفاع

منگل 14 اگست 2018 14:24

تہران ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اگست2018ء) ایران کے وزیر دفاع نے کہا ہے کہ دفاعی صنعتیں ملک کی خودمختاری کا اہم ستون اور وطن کی سلامتی اور استحکام کی اہم ترین ضمانت ہیں۔بین الاقوامی زرائع ابلاغ کے مطابق تہران میں فاتح مبین نامی جدید ترین میزائل کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے ایران کے وزیر دفاع بریگیڈیئر جنرل امیر حاتمی نے کہا کہ یہ میزائل تمام رکاوٹوں کو عبور کرنے کی توانائی رکھتا ہے اور اسے دن اور رات کے وقت نیز ہر قسم کے موسمی حالات میں طے شدہ اہداف کو نشانہ بنانے کے لیے استعمال کیاجاسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ فاتح مبین میزائل مکمل طور پر ملکی وسائل اور ٹیکنالوجی سے کام لیتے ہوئے تیار کیا گیا ہے اور ہم ملکی دفاع کے تمام تر وسائل اور آلات کی تیاری میں خودکفیل ہوچکے ہیں۔

(جاری ہے)

تہران میں ایران کے دفاعی سیکٹر میں تیار کی جانے والی جدید ترین مصنوعات کی رونمائی کی گئی جس میں فاتح مبین میزائل، ورٹیکل ٹیک آف کواڈ کاپٹر ھد ھد 4، کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم اور فائر پروف ایمونیشن باکس شامل ہیں۔

فاتح مبین میزائل ایک ترقی یافتہ گائیڈڈ میزائل ہے جو انتہائی جدید ترین نیویگیشن سسٹم سے بھی لیس ہے اور اسے زمین اور سمندر دونوں جگہ استعمال کیا جاسکتا ہے۔اس میزائل کو کسی بھی موسم میں کسی بھی وقت چلایا جاسکتا ہے اور یہ زمین اور سمندر میں موجود طے شدہ اہداف کو نشانہ بنانے کی پوری توانائی رکھتا ہے۔ھد ھد چار نامی ورٹیکل ٹیک آف کوآڈ کاپٹر سو کلومیٹر کی حدود میں مسلسل چار گھنٹے تک پرواز کرسکتا ہے اور اپنے ساتھ بیس کلو وزن بھی لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم کوڈ کی صورت میں آپریشن میں مصروف یونٹوں کے درمیان صوتی اور تصویری رابطے قائم کرسکتا ہے اور اسے کمپیوٹروں سے منسلک تمام آلات پر آسانی کے ساتھ نصب کیا جاسکتا ہے۔فائر پروف باکس تین گھنٹے تک بارہ سو ڈگری گرمی برداشت کرنے کے ساتھ ساتھ واٹر پروف اور شاکس پروف بھی ہے۔