پاکستان پر امن اور جمہوری جدوجہد کے نتیجے میں معرض وجود میں آیا ہے‘ وزیراعظم آزاد کشمیر

بانی پاکستان حضرت قائداعظم محمد علی جناح کی انقلاب آفرین جدوجہد کے نتیجہ میں مملکت خدا داد پاکستان کا حصول ممکن ہوا‘ راجہ فاروق حیدر

منگل 14 اگست 2018 14:25

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اگست2018ء) وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموںوکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ بانی پاکستان حضرت قائداعظم محمد علی جناح کی انقلاب آفرین جدوجہد کے نتیجہ میں مملکت خدا داد پاکستان کا حصول ممکن ہوا۔ پاکستان پر امن اور جمہوری جدوجہد کے نتیجے میں معرض وجود میں آیا ہے ۔ تحریک پاکستان میں 55ہزار بہنوں نے عزتوں کی قربانی دی ۔

لاکھوں شہادتیں اور لاکھوں کی تعداد میں انتقال آبادی ہوا۔ قائداعظم کو بستر مرگ پر بھی کشمیر یوں اور مہاجرین کی آبادکاری کی فکر رہتی تھی ۔پاکستان کو اس وقت شدید چیلنجز کا سامنا ہے ۔ اس ملک کی بقاء آئین اور جمہوریت سے ہی ممکن ہے ۔ اس موقع پر ان شہداء کو یاد رکھنا چاہیے جنہوں نے حصول آزادی کے لیے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے ۔

(جاری ہے)

آج ہندوستان میں مودی کی حکومت مسلمانوں پر ظلم وستم کی جو انتہاء کر رہی ہے وہ تاریخ کا سیاہ باب ہے ۔

پاکستان طاقتور ہوگا تو ہندوستان کے مسلمانوں پر اسکا اثر پڑے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے 71ویں یوم آزادی کی مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ آج پوری قوم 71واں جشن آزادی ملی جوش و جذبے کے ساتھ منا رہی ہے ۔ اس ملک کا قیام جمہوری جدوجہدکا ثمر ہے ۔ ملک اس وقت شدید بحرانوں سے گزر رہا ہے ہمارے پارلیمنٹرینز کو چاہیے کہ انہیں جو کام سونپا گیا ہے وہ اسے اپنے دائرہ اختیار کے اندر رہ کر کریں ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو قدرت نے بے پناہ وسائل سے نوازہ ہے ۔ پاکستان کی ایک خاص جغرافیائی اہمیت صرف گوادر بندرگاہ سے پوری دنیاکی 04فیصدتجارت ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ جشن آزادی کے اس موقع پر ملت اسلامیہ سے اپیل کرتا ہوں کہ اس ملک کی سلامتی بقاء صرف جمہوریت اور آئین کی پاسداری سے ہی ممکن ہے ۔ انہوںنے کہا کہ حضرت قائداعظم نے فرمایا تھا کہ مسلمان مصیبت میںگھبرایا نہیں کرتا ۔ ہمیں انکے اقوال کو سامنے رکھ کر اپنا لائحہ عمل طے کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہم آج تمام شہدوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے پاکستان کے لیے قربانیاں دیں اور یہ دعا کرتے ہیں کہ مملکت پاکستان قیامت تک قائم و دائم رہے ۔