بھارتی حکمرانوں نے اقوام متحدہ کی قراردادوں سے مکمل انحراف کر رکھا ہے‘شاہ غلام قادر

آج دنیا بھر میں ریاست کے عوام بھارت کے یوم آزادی کو یوم سیاہ کے طور منا کر اپنی نفرت کا اظہار کر رہے ہیں‘سپیکر قانون ساز اسمبلی

منگل 14 اگست 2018 14:27

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اگست2018ء) آزاد کشمیر اسمبلی کے سپیکر شاہ غلام قادر نے کہا ہے کہ ریاست جموں و کشمیر کے عوام بھارتی حُکمرانوں کی انسان دُشمن پالیسیوں سے نفرت کرتے ہیں۔ بھارتی حکمرانوں نے اقوام متحدہ کی قراردادوں سے مکمل انحراف کر رکھا ہے۔ کشمیری عوام کو حق خودارادیت نہیں دیا جا رہا اور طاقت کے بل بوتے پر نہتے کشمیری عوام کا قتل عام جاری رکھا ہوا ہے۔

آج دنیا بھر میں ریاست کے عوام بھارت کے یوم آزادی کو یوم سیاہ کے طور منا کر اپنی نفرت کا اظہار کر رہے ہیں، تاکہ اقوام عالم کوباور کرایا جا سکے کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر پر غاصبانہ قبضہ کر رکھا ہے۔ اقوام متحدہ کو مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے جاندار موقف اپنانے کی ضرورت ہے، کمزور پالیسی زیادہ دیر نہیں چل سکتی۔

(جاری ہے)

جب تک مقبوضہ کشمیر سے بھارتی افواج کا قبضہ اختتام پزیر نہیں ہو جاتا مقبوضہ کشمیر کے عوام آزادی کی جدوجہد جاری رکھیں گے۔

آج کے دن بھارتی افواج کی جانب سے ڈھائے جانے والے مظالم کی مذمت کرتے ہوئے شہداء کے بلندیء درجات کی دُعا کرتے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ حریت قائدین نے آزادی کے لیے بھرپور جدوجہد کی۔ شہدائے کشمیر کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ قُربانیاں ضرور رنگ لائیں گی۔ مقبوضہ کشمیر آزاد ہو کر تکمیل پاکستان کا ادھورا خواب جلد پورا ہو گا۔