غزہ، 30 مارچ 2018ء سے جاری تحریک حق واپسی کے شہداء کی تعداد 176 ہوگئی،18 ہزار زخمی ہوئے

منگل 14 اگست 2018 15:00

غزہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اگست2018ء) فلسطین میں وزارت صحت کی طرف سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ 30 مارچ 2018ء سے غزہ کی پٹی میں جاری تحریک حق واپسی کے شہداء کی تعداد 176 ہوگئی ہے۔ ان میں کئی فلسطینی شہداء بھی شامل ہیں جن کے جسد خاکی اسرائیلی فوج نے قبضے میں لے رکھے ہیں۔اطلاعات کے مطابق وزارت صحت کی طرف سے جاری اعدادو شمار کے مطابق قبضے میں لئے گئے شہداء کے جسد خاکی کے علاوہ دیگر شہداء حق واپسی کی تعداد 176 ہوگئی ہے جب کہ 18 ہزار زخمی ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

ہزاروں فلسطینی زخمیوں کو موقع پر طبی امداد مہیا کی گئی جب کہ کئی ہزار کو علاج کیلئے ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔ اسرائیلی فوج کی تحویل میں موجود شہداء کے جسد خاکی 8 بتائے جاتے ہیں۔بیان میں بتایا گیا ہے کہ شہداء میں 27 بچے، 3 خواتین، دو صحافی، طبی عملے کے ارکان اور تین معذور بھی شامل ہیں۔ زخمی ہونے والے بچوں کی تعداد 3540 اور خواتین کی تعداد1728 ہے۔ 417 شدید زخمی ہیں اور 4293 کو درمیانے درجے اور 13 ہزار 296 کومعمولی درجے کے زخم آئے ہیں۔بیان میں بتایا گیا ہے کہ 30 مارچ کے بعد اسرائیلی فوج کے پرامن مظاہرین پرحملوں میں4508 گولیاں لگنے،529 دھاتی گولیاں لگنے،7500 آنسوگیس کی شیلنگ اور 5379 تشدد کے دیگر حربوں سے زخمی ہوئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :