آج کا دن ان مائوں کے نام جنہوں نے اپنے لخت جگرآزادی کیلئے قربان کر دیئے‘وزیراعظم آزاد کشمیر

ہمیں ان قربانیوں کو بھولنا نہیں اس عہد کو دوہرانا ہے کہ اس تحریک میں قربانیوں کی کتنی لازوال قربانیاں رقم ہوئیں ‘راجہ فاروق حیدر

منگل 14 اگست 2018 15:00

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اگست2018ء) وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ آج کا دن ان مائوں کے نام جنہوں نے اپنے لخت جگرآزادی کیلئے قربان کر دیئے، ان بچوں کے نام جنہوں نے والدین قربان کر دیے۔ان جوانوں کے نام جنہوںنے اپنے والدین کا سہارا بننا تھا ۔ ان کے نام جنہوں نے اپنی بہنوں کے ہاتھ پیلے کرنے تھے ۔

اپنا آج ہمارے کل پر قربان کر دیا یہ شہداء کی قربانیاں ہیں آج ہم آزادی کی سانسیں لے رہے ہیں ۔ ہمیں ان قربانیوں کو بھولنا نہیں اس عہد کو دوہرانا ہے کہ اس تحریک میں قربانیوں کی کتنی لازوال قربانیاں رقم ہوئیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دارالحکومت کے مصروف ترین علاقے میںبرہان مظفروانی شہید چوک میں بنی یاد گارکے افتتاح کے موقع پر کیا۔

(جاری ہے)

جشن آزادی کی تقریبات کے سلسلہ میں منعقدکیے گئے پروگرام میں آزاد کشمیر کی مختلف سیاسی جماعتوں ، حریت قائدین،مسلم لیگ ن کے کارکناں اور مہاجرین کی بڑی تعداد موجود تھی ۔ وزیر اعظم آزاد کشمیر کی قیادت میں سینکڑوں کی تعداد میں شرکا ء نے پاکستان زندہ باد ریلی نکالی ۔جس میں وزیر اعظم کے علاوہ وزیر اطلاعات مشتاق احمد منہاس ، وزیر سپورٹس چوہدری محمد سعید ،وزیر جیل خانہ جات چوہدری محمد اسحاق ، ایم ایل اے نسیمہ وانی ، مفتی کفایت حسین نقوی نے شرکت کی۔

شرکاء ریلی نے پاکستان اور آزادی کے حق میں شدید نعرے بازی کی ۔اس سے پہلے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا کہ تحریک آزادی کشمیر کے اندر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے تحریک تکمیل پاکستان کے شہید ہیں ۔ اڑھائی لاکھ مسلمانوں کو جموں میں شہید کیا گیا جبکہ وادی میں ایک لاکھ سے زائد عورتوں ، بوڑھوں ، بچوں کو شہید کرنے کا سلسلہ جاری ہے ۔

آج مظفرآباد اور سرینگر میں تاریخی جذبے کے تحت جشن آزادی منا رہے ہیں جبکہ کل ہندوستان کی یوم آزادی کو یوم سیاہ کے طور پر منائیں گے ۔نریندری مودی اسرائیل کے نقش قدم پر چلتے ہوئے مقبوضہ وادی میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی کوشش کر رہا ہے جس میں اسے ناکامی ہوگی۔ انہوںنے کہا کہ ریاست جموں وکشمیر کے لوگ کل یوم سیاہ منائیں گے آرٹیکل 35Aکو ختم کرنے کی کوششوں کی مذمت کرتے ہیں پاکستان کی نئی حکومت کشمیر کے حوالے سے پاکستان کی قومی پالیسی کو ری وزٹ کرے ۔

اراکین قومی اسمبلی ، سینٹ و صوبائی کو اس حوالے سے آگاہی دی جائے ۔ وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ بنگال سے لیکر مشرقی پاکستان تک اور وہاں سے لیکر مقبوضہ کشمیر تک شہداء کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں ۔ اللہ رب العزت قائداعظم کو رسول حبیب ﷺ کی شفاعت نصیب فرمائے جنہوں نے ہمارے لیے پاکستان بنایا ان کی جدوجہد کے باعث آج یہ سبز حلالی پرچم ہمارے ہاتھ میں ہے ۔ انہوں جمہوری جدوجہد کیلئے مسلمانوں کے لیے علحیدہ مملکت کا قیام ممکن بنایا ۔ پاکستان برصغیر کے مسلمانوں کی امیدوں کا مرکز ہے ۔ آئیں سب ملکر دعا کریں کہ اللہ اس ملک کو ترقی خوشحالی اور استحکام عطا فرمائے ۔