شاہ سلمان حرمین شریفین کی رپورٹ لئے بغیر کبھی نہیں سوتے،عبدالرحمن السدیس

حرمین کی انتظامیہ نے 10ہزار سے زیادہ افرادی قوت کا بندوبست کیا ہے،سربراہ انتظامیہ مسجد الحرام و مسجد نبوی شریف

منگل 14 اگست 2018 15:00

مکہ مکرمہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اگست2018ء) مسجد الحرام و مسجد نبوی شریف کی انتظامیہ کے سربراہ اعلیٰ شیخ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس نے واضح کیا ہے کہ شاہ سلمان بن عبدالعزیز حرمین شریفین کی رپورٹ لئے بغیر کبھی نہیں سوتے۔ عرب ٹی وی کے مطابق یہ بات خود شاہ سلمان نے انہیں یہ کہہ کر بتائی کہ میں مسجد الحرام اور مسجد نبوی شریف کی بابت اطمینان حاصل کئے بغیر کبھی نہیں سوتا۔

ہر رات اللہ تعالیٰ سے حرمین شریفین کو اپنے حفظ و امان میں رکھنے کی دعا کرتا ہوں۔

(جاری ہے)

السدیس نے بتایا کہ حرمین کی انتظامیہ نے 10ہزار سے زیادہ افرادی قوت کا بندوبست کیا ہے۔ زائرین 210دروازوں سے مسجد الحرام میں داخل ہونگے ۔ 28الیکٹرانک زینوں ، 10ہزار سے زیادہ وہیل چیئرز، 25ہزار آب زمزم کے کولر اور 600سے زیادہ دیو ہیکل پنکھوں کا انتظام کیاگیا ہے جبکہ معذوروں کیلئے 38اسپیشل راستے بنائے گئے ہیں۔ ایک لاکھ 7ہزار سے زیادہ افراد ایک گھنٹے میں خانہ کعبہ کا طواف کرسکیں گے۔ السدیس نے یہ بھی بتایا کہ امسال خطبہ عرفہ کا ترجمہ 5بین الاقوامی زبانوں میں کیا جائیگا۔ خطیب عرفہ کا پاکیزہ پیغام پوری دنیا تک پہنچایا جائیگا۔ حجاج کو بھی خطبے کے معانی سے آگاہ کیا جائیگا۔

متعلقہ عنوان :