بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں ایماندار صوبائی کابینہ تشکیل دیں گے، مراد علی شاہ

پورے ملک خصوصا سندھ کی عوام کو جشن آزادی کی مبارکباد پیش کرتاہوں، نامزد وزیراعلیٰ سندھ

منگل 14 اگست 2018 15:00

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اگست2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے نامزد وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں ایماندار صوبائی کابینہ تشکیل دیں گے، ملک خصوصا سندھ کی عوام کو جشن آزادی کی مبارک باد ہو۔ عوام نے ہم پر بھاری ذمہ داری عائد کر دی ہے۔ن لیگ نے 25 ارب تو دور 25 لاکھ بھی کراچی پر خرچ نہیں کیے، پیپلز پارٹی نے کراچی کی روشنیاں واپس لانے میں کردار ادا کیا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو مزارقائد پر حاضری کے بعد میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔پاکستان پیپلز پارٹی کے نامزدوزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور پیپلزپارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو کی سربراہی میں پیپلزپارٹی کے صوبائی عہدارروں،ارکان سندھ اسمبلی نے مزار قائد پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی ۔

(جاری ہے)

بعدازاں میڈیا سے بات چیت میں سیدمراد علی شاہ نے کہاکہ پورے ملک خصوصاً سندھ کی عوام کو جشن آزادی کی مبارکباد پیش کرتاہوں، سندھ کے لوگوں نے پیپلز پارٹی کو ایک بار پھر بھاری مینڈیٹ دے کر ہم پر بھاری ذمہ داری عائد کی ہے، پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں ایماندار صوبائی کابینہ تشکیل دیں گے۔

انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی نے گزشتہ 2 سال کے دوران کراچی کی روشنیاں واپس لانے میں اہم کردارادا کیا جب کہ مسلم لیگ(ن)نے 25 ارب تو درکنار 25 روپے بھی خرچ نہیں کیے۔پیپلز پارٹی سندھ کے صدرنثار کھوڑو نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یوم آزادی کے لیے ہم جیے بھی ہیں اور قربانیاں بھی دی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جمہوریت قائم ہے، خوش ہیں ہم پر امن طریقے سے جشن آزادی منا رہے ہیں۔