سپورٹس نیوز *

سابق فاسٹ باؤلر نے عمر اکمل کو ’اچھا بچہ ‘ بنانے کی ذمہ داری سنبھال لی

منگل 14 اگست 2018 15:50

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 اگست2018ء) مڈل آرڈر بلے باز عمر اکمل کیخلاف انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) تحقیقات کررہا ہے،وہ یکم ستمبر سے اپنے نئے ڈپارٹمنٹ حبیب بینک کیلئے قائد اعظم ٹرافی میں حصہ لیں گے۔سابق کپتان یونس خان کے بعد عمر اکمل کو ڈسپلن کرنے کی ذمے داری سابق ٹیسٹ فاسٹ باؤلر اورحبیب بینک کے ہیڈ کوچ سلیم جعفر نے لی ہے،سلیم جعفر نے حبیب بینک ٹیم کو سنبھالتے ہی یہ مشکل ذمے داری اپنے کاندھوں پر لے لی ہے۔

مڈل آرڈر بیٹسمین کو حبیب بینک نے ملازمت دے کر ان کے زخموں پر مرہم رکھ لیا ہے لیکن ان کیخلاف آئی سی سی کی تحقیقات خاموشی سے آگے بڑھ رہی ہیں۔ایسے میں حبیب بینک نے متازع کرکٹر عمر اکمل کو اپنی کرکٹ ٹیم میں شامل کر لیا ہے۔عمر اکمل اس سے قبل یو بی ایل میں تھے لیکن بینک کی ٹیم بند ہونے کے بعد عمراکمل نے کئی اور کھلاڑیوں کیساتھ ڈپارٹمنٹ تبدیل کر لیا ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع کا کہنا ہے کہ حبیب بینک نے نئے ہیڈ کوچ سلیم جعفر نے عمر اکمل کو ٹیم میں شامل کرنے اور انہیں ڈسپلن کرنے کیلئے ٹاسک لیا ہے۔عمر اکمل 15ماہ قبل پاکستان ٹیم سے اس وقت باہر ہوئے تھے جب انگلینڈ میں چیمپنز ٹرافی سے قبل ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے انہیں ان فٹ کہہ کر وطن واپس بھیج دیا تھا۔اس کے بعد عمر اکمل نے قومی اکیڈمی میں مکی آرتھر پر سنگین الزامات لگائے جس پر انہیں جرمانے کا سامنا کرنا پڑا۔

انہوں نے چند ہفتے قبل میچ فکسنگ کا الزام لگا کر نئے تنازع کو جنم دیا اور ان کیخلاف تحقیقات جاری ہیں۔28سالہ عمر اکمل پاکستان کی جانب سے 16 ٹیسٹ 116 ون ڈے اور 82 ٹی ٹونٹی کھیل چکے ہیں لیکن انکا کیریئر تنازعات کا شکار ہے۔ذرائع کے مطابق آئی سی سی حکام نے عمر اکمل سے اسکائپ کے ذریعے بیان ریکارڈ کیا ہے اور پی سی بی سے عمر اکمل کے انٹرویو کی ریکارڈنگ مانگی گئی ہے۔