71 ویں جشن آزادی منانے کی مرکزی تقریب کا ڈپٹی کمشنر سیکریٹریٹ مٹیاری میںانعقاد

منگل 14 اگست 2018 16:20

مٹیاری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اگست2018ء) وطن عزیز کے 71 ویں جشن آزادی منانے کی مرکزی تقریب ڈپٹی کمشنر سیکریٹریٹ مٹیاری میں منعقد ہوئی جس میں ڈپٹی کمشنر مٹیاری کیپٹن (ر) الطاف حسین ساریو اور ایس ایس پی مٹیاری سید زاہد حسین شاہ نے قومی ترانہ سننے کے بعد قومی پرچم لہرایا، تقریب میں طلباء و طالبات نے قومی گیت، ٹیبلوز اور تقاریر پیش کرتے ہوئے جدوجہد آزادی میں قربانیاں دینے والے عظیم رہنمائوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا، جبکہ ڈپٹی کمشنر مٹیاری نے گارڈ آف آنر کا بھی معائنہ کیا، ڈپٹی کمشنر مٹیاری، ایس ایس پی مٹیاری، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ٹو نے سرسبز پاکستان شجرکاری مہم کے تحت ڈی سی سیکریٹریٹ کے احاطے میں پودے بھی لگائے۔

جشن آزادی کی مرکزی تقریب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون حق نواز، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ٹو منظور کنرانی، چیف مانیٹرنگ آفیسر محبوب سیال، ڈی او فاریسٹ حسنین رضا، ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن محمد صابر کاکا، ڈی او پرائمری قمر النساء، اسسٹنٹ کمشنر مٹیاری عبدالکریم میمن، ٹی ای اوز سید قاسم شاہ، امیربخش کاکا، فرزانہ ابڑو، یاسمین سموں، اسٹاف آفیسر کامران خاصخیلی سمیت اساتذہ، طلباء اور مختلف شعبہ حیات سے وابستہ شخصیتوں نے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

تقاریر اور قومی نغمے پیش کرنے والے طلبا و طالبات امتیاز علی، فواد علی، صغرہ کلثوم، ایاز علی، ماجد کھوسو، شفا اور مزمل سیال کو ڈپٹی کمشنر مٹیاری کی جانب سے کیش انعامات سے نوازا گیا۔ جشن آزادی کی تقریب سے مختصر خطاب میں ڈپٹی کمشنر مٹیاری کیپٹن (ر) الطاف حسین ساریو کا کہنا تھا کہ ہم وطن عزیز کی آزادی کا 71 واں جشن آزادی بھرپور ملی جوش و جذبے سے منارہے ہیں، اس عظیم دن کے موقع پر اساتذہ، طلباء اور ضلعی افسران کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، ہمارا ملک کئی سازشوں کے باوجود قائم و دائم ہے اور انشاء اللہ تعالیٰ قیامت تک رہے گا، ہماری قوم ہر روز بہتری کی طرف گامزن ہے، 1947 میں قیام پاکستان کے وقت دشمن کہہ رہے تھے کہ پاکستان زیادہ دیر تک نہیں چل سکے گا تاہم کئی سازشوں، نشیب و فراز، زلزلوں، سیلابوں اور قدرتی آفات کے باوجود وطن عزیز ہر دن ترقی کی نئی راہوں کی طرف پر گامزن ہے، ملک پر جب بھی مشکل وقت آیا ہے تو قوم نے جس دلیری ،بہادری اور اتحاد کا مظاہرہ کیا ہے وہ مثالی ہے، اس وقت ملک کو دہشت گردی، فرقہ واریت، معاشی ترقی اور غربت جیسے چیلنجز کا سامنا ہے جن سے قومی جذبے اور حب الوطنی کے ذریعے نمٹا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ عام انتخابات کا تیسری بار مسلسل انعقاد اس بات کا ثبوت ہے کہ ہمارے قدم دن بدن ترقی اور خوشحالی کی طرف رواں دواں ہیں، ہم سب آج کے دن عہد کرتے ہیں کہ کسی بھی منصب اور حیثیت میں اپنے فرائض انتہائی ایمانداری، دیانتداری اور دلی لگن سے سرانجام دیں گے ۔ ڈپٹی کمشنر مٹیاری نے مزید کہا کہ آج جن طلباء و طالبات نے تقاریر اور قومی گیت پیش کئے وہ قابل تعریف ہیں ان کی ذہانت اور اعتماد سے لگتا ہے کہ ہمارا مستقبل روشن ہاتھوں میں ہے، وطن عزیز کی کئی شخصیات نے تعلیم، سائنس، کھیلوں، سماجی بہبود سمیت مختلف شعبہ حیات میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا کر وطن عزیز کا نام عالمی سطح پر روشناس کرایا ہے اور اگر ہم نے اسی جذبے، تندہی،ملی لگن سے اپنے اپنے فرائض سرانجام دیئے تو وہ دن دور نہیں جب پاکستان کا شمار دنیا کی عظیم قوموں میں ہوگا۔