انگریز کی غلامی سے نجات کے لیے شیخ الہند اور ساتھیوں کی بھرپور جدوجہدکے نتیجے میں ’آزادی‘ کی صبح طلوع ہوئی، حافظ حسین احمد

منگل 14 اگست 2018 18:10

انگریز کی غلامی سے نجات کے لیے شیخ الہند اور ساتھیوں کی بھرپور جدوجہدکے ..
کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اگست2018ء) جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی ترجمان اور متحدہ مجلس عمل کی رابطہ کمیٹی کے سربراہ حافظ حسین احمد نے کہا ہے کہ انگریز کی غلامی سے نجات کے لیے شیخ الہند اور ان کے ساتھیوں نے بھرپور جدوجہد کی جس کے نتیجے میں ’’آزادی‘‘ کی صبح طلوع ہوسکی اس کے لیے بڑی قربانیاں اور صعوبتیں برداشت کی گئی اور شیخ الہند ؒ اور ان کے رفقاء کو کالے پانی میں قید کیا گیا لیکن ان کے ’’جدوجہد آزادی‘‘ کے جذبہ اور اخلاص کو شکست نہ دے سکے اور بالآخر انگریز کی غلامی سے نجات حاصل ہوئی۔

(جاری ہے)

وہ اپنی رہائشگاہ جامعہ مطلع العلوم میں ملاقات کے لیے آئے ہوئے مختلف وفود سے گفتگو کررہے تھے ، حافظ حسین احمد نے کہا کہ آزادی اللہ پاک کی ایک بہت بڑی نعمت ہے اور اس قدر کرنی چاہئے آج بحمد اللہ ملک میں ایک اسلامی آئین اور جمہوری ادارے موجود ہیں اگرچہ ہم سو فیصد ان اہداف کو حاصل نہ کرسکے لیکن سمت اور قبلہ درست ہے اگر مخلص قیادت میسر ہو تو یہی ’’آئین پاکستان ‘‘ہمارے مسائل و مشکلات اور دکھوں کا مداوا ہوسکتا ہے ، چند دوستوں نے حافظ حسین احمد کو ان کی سالگرہ کی مبارکباد دیتے ہوئے استفسار کیا کہ کیا یہ صحیح ہے اس پر حافظ حسین احمد نے کہا کہ جی ہاں میری اس دنیا میں آمد 14آگست کو ہی ہوئی تھی اور یہ بات ہے کہ وہ سالگرہ وغیرہ جیسی رسموات نہیں مناتے لیکن 14آگست کی وجہ سے پوری قوم خوشیاں مناتی ہے اور یہی بات میرے لیے دونوں حوالوں سے باعث تسکین ہے ۔