مقبوضہ کشمیر: سخت پابندیوں کے باوجودکشمیری نوجوانوں نے یوم آزادی پاکستان پورے جوش وجذبے کے ساتھ منایا

منگل 14 اگست 2018 18:12

سری نگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اگست2018ء) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کی طرف سے عائد کردہ سخت پابندیوں کے باوجود کشمیری نوجوانوں نے پاکستان کا یوم آزادی پورے جوش وجذبے کے ساتھ منایا اور متعدد مقامات پر سبز ہلالی پرچم لہرایا۔

(جاری ہے)

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سوشل میڈیا پر کئی ویڈیوزوائرل ہوئیں جن میں کشمیری نوجوان قطاروں میں کھڑے ہوکر پاکستان کے قومی ترانے کی دھن پر پاکستان کے قومی پرچم کو سلامی دے رہے ہیں۔

ایک تصویر میں نوجوان پاکستان کا قومی پرچم تھامے دریائے جہلم کو عبور کررہے ہیں۔ ایک دوسری تصویر میں سرینگر کے علاقے نوہٹہ میں نوجوان پاکستانی پرچم کو سلامی دے رہا ہے جس کو دوسرے نوجوان نے پکڑ رکھاہے۔ ایک اور ویڈیو میںپلوامہ میں درجنوں نوجوانوں کو ایک کھلے میدان میں قطاروں میں کھڑے ہوکر پاکستان کا قومی ترانہ گاتے اور سبز ہلالی پرچم لہراتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔