پنجاب یونیورسٹی میں جشن آزادی کی رنگا رنگ تقریبات

جشن آزادی کے موقع پر وائس چانسلر کا سماجی مسائل کے حل کے لئے سوشل انٹریپینورشپ سنٹر قائم کرنے کا اعلان

منگل 14 اگست 2018 18:14

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اگست2018ء) پنجاب یونیورسٹی علامہ اقبال کیمپس میں پاکستان کے جشن آزادی کے سلسلے میں رنگا رنگ تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ وائس چانسلر پروفیسر نیاز احمد نے کالج آف آرٹ اینڈ ڈیزائن کے لان میں پرچم کشائی کی۔ اس موقع پر فیکلٹیوں کے ڈینز، پرنسپلز، صدور شعبہ جات، اساتذہ، طلباء اور بچوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر نیاز احمد نے جشن آزادی کے موقع پر سماجی مسائل کے حل کے لئے سوشل انٹریپنورشپ سنٹر قائم کرنے کا اعلان کیا ۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ہمارے آباو،ْ اجداد نے پاکستان کے قیام کے لئے اپنی زندگیاں قربان کیں۔ انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال کے تصورات اور قائد اعظم کی قیادت کے بغیر پاکستان کا قیام ناممکن تھا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ قائد اعظم کے ایمان ، اتحاد اور تنظیم کے پیغام کو اپنی زندگی میں لاگو کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں گڈ گورننس اور بہترین سماجی نظام قائم کرنا ہے اور جدید ترین ٹیکنالوجی سے اپنے آپ کو ہم آہنگ کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اب ہماری ذمہ داری ہے کہ اس ملک کی خدمت کریں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان آرمی کو بہت سے چیلنجز کا سامنا کرنا پڑا ہے اور انہوں نے پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کے لئے بے مثال قربانیاں دی ہیں ۔

ہم ان کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی بے مثال ہیں اور دونوں ممالک تعلقات کو مزید مضبوط بنائیں گے۔ بعد ازاں طلباء و طالبات نے ملی نغمے پیش کئے جس کو جشن آزادی کی تقریب کے شرکاء نے خوب سراہا۔ اس موقع پر وائس چانسلر نے ملی نغمے پیش کرنے والے طلباء و طالبات کے لئے پچاس ہزار روپے انعام کا اعلان کیا جبکہ گارڈز اور مالیوں کے لئے فی کس دو ہزار روپے دینے کا اعلان کیا۔