سعودی وزیر داخلہ کا حج میں شریک سکیورٹی فورسز کی تیاری کا معائنہ

اسپشیل فورسز نے ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے اپنی پیشہ ورانہ مہارت اور صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا

منگل 14 اگست 2018 18:26

ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اگست2018ء) سعودی عرب کے وزیر داخلہ اور سپریم حج کمیٹی کے سربراہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن نایف بن عبدالعزیز نے رواں سال حج کے انتظامات میں شریک سکیورٹی فورسز اور دیگر اداروں کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔عرب ٹی وی کے مطابق وزیر داخلہ مکہ مکرمہ میں اسپیشل ایمرجنسی فورسز کے مرکز پہنچے تو ان کا استقبال مکہ مکرمہ صوبے کے نائب گورنر شہزادہ عبداللہ بن بندر بن عبدالعزیز اور دیگر متعلقہ اعلی عہدے داران نے کیا۔

اس موقع پر حج سکیورٹی کمیٹی کے سربراہ فرسٹ جنرل سعید القحطانی نے ایک بیان میں بتایا کہ سکیورٹی فورسز نے مکہ مکرمہ ، مدینہ منورہ اور دیگر مقامات مقدسہ کے ساتھ حج سے متعلقہ علاقوں تک آنے والے تمام راستوں میں اپنی ذمّے داریوں کی انجام دہی کا آغاز کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

اٴْن کا کہنا تھا کہ خادم حرمین کی سرپرستی میں مملکت کی قیادت اللہ کے مہمانوں کے لیے راحت کا سامان مہیا کرنے کے سلسلے میں بھرپور توجہ کا اہتمام کر رہی ہے اور حجاج کرام کی حفاظت اور سلامتی کے واسطے تمام تر ممکنہ وسائل بروئے کار لانے کے لیے کوشاں ہے۔

یہ اس بات کا واضح پیغام ہے کہ کہ حجاج کی خدمت کے شرف کی ادائیگی اور ان کے تحفظ کے حوالے سے کسی بھی قسم کے تساہل کی کوئی گنجائش نہیں۔بعد ازاں حج کے سکیورٹی منصوبے سے متعلق تمام فورسز کی پریڈ کا انعقاد ہوا۔ اس دوران عسکری گاڑیوں ، سکیورٹی طیاروں اور اسپشیل فورسز نے وزیر داخلہ کے سامنے کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے اپنی پیشہ ورانہ مہارت اور صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔