ملکی ترقی ، خوشحالی اور مضبوطی کے لئے ہم سب کو اپنے اپنے حصے کا کام کرنا ہو گا،چیئرمین بلدیہ کورنگی

منگل 14 اگست 2018 18:35

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اگست2018ء) چیئرمین بلدیہ کورنگی سید نیئر رضا نے کہا ہے کہ ملکی ترقی ، خوشحالی اور مضبوطی کے لئے ہم سب کو اپنے اپنے حصے کا کام کرنا ہو گا کیونکہ ترقی کا بہت سفر ابھی باقی ہے ہمیں مستقبل کی راہیں خود تلاش کرنا ہیں ہم ہاتھ پر ہاتھ دھرے منتظر فردا ہیں۔آئیے آج کے دن ہم سب مل کر یہ عزم کریں کہ اپنے حصے کا کام پوری ایمانداری سے کریں گے اور مضبوط قوت ارادی سے پاکستان کی کایا پلٹ کر رکھ دیں گے اور اس کو دنیا کا ترقی یافتہ ملک بنا کر ہی دم لیں گے پاکستانی قوم ایک انتہائی خوش قسمت قوم ہے جس کو شب قدر جیسی بابرکت رات کے موقع پر آزادی کی نعمت حاصل ہوئی ۔

پاکستان قائداعظم کی ولولہ انگیز قیادت میں انقلاب آفریں جدو جہد کے بعد حاصل کیا گیا ۔

(جاری ہے)

ا ٓج خود احتسابی کا دن بھی ہے ہمیں سوچنا ہوگا کہ ہماری کون سی غلطیوں اور کوتاہیوں کی وجہ سے ہم اپنی دوسری ہمصر قوموں سے پیچھے رہ گئے ۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے وائس چیئرمین سید احمر علی،میونسپل کمشنر شاہد علی خان و دیگر کے ہمراہ ماڈل زون میں 14اگست کے موقع پر پرچم کشائی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان سے محبت کا تقاضا ہے کہ ہم اپنے اندر بحیثیت ایک قوم یکجا ہو کر ان کو تبدیلیوں کو لائیں بو جو بحیثیت پاکستانی ہمیں دوسروں سے ممتاز کرسکیں ہم اگر اپنی ذات سے بڑھ کر پاکستان کے لئے سوچیںگے تو ہی ہم اس پاک مٹی کی محبت کا حق ادا کرسکیں گے۔ہمارے بزرگوں نے یہ ملک جاگیرداروں ،لٹیروں،غاصبوں کے لوٹنے کے لئے نہیں بنایا تھا نہ ہی یہ ملک مذہبی انتہا پسندی ،عصبیت تعصب کو پروان چڑھانے کے لئے بنا تھا یہ ملک سب کے لئے بنا تھا ۔

اس میں سب کے لئے برابر کے حقوق تھے چاہے وہ کسی بھی رنگ و نسل ،زبان یا مذہب سے تعلق رکھتا ہو لیکن افسوس اس ملک کے بننے کے بعد اس کے اصل مقصد کو ہم بھول گئے اور اسی ہی وجہ سے ہم پرایسے لوگ مسلط ہوگئے جو ملک سے زیادہ اپنی ذات سے مخلص ہیںابھی بھی وقت ہے کہ ہم کو خود سنبھال لیں اور اس ملک کی تعمیر و ترقی کے لئے ملکی یکجہتی اور مذہبی ہم آہنگی کو فروغ دے کر ایسے تمام عناصر کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں جو اپنے ذاتی مفادات کی خاطر اس ملک کے ہر شعبے کو نقصان پہنچا رہے ہیں ۔اس کے لئے ہر ایک ایک کو اپنا کر دار اداکرنا ہوگا تا کہ ہمارا ملک ایسے عناصر سے پاک ہوجائے۔ اور ہمارا شمار بھی دنیا کی ترقی یافتہ قوموں میںہو۔