Live Updates

کراچی:- پی ٹی آئی رہنمائوں کی طرف سے سی اے ایس کی طالبہ امل کے اندوہناک قتل کی شدید مذمت

منگل 14 اگست 2018 18:35

کراچی:- پی ٹی آئی رہنمائوں کی طرف سے سی اے ایس کی طالبہ امل کے اندوہناک ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اگست2018ء) پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر و رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عارف علوی، نامزد گورنر سندھ عمران اسماعیل اور پی ٹی آئی کراچی کے سیکریٹری اطلاعات شہزاد قریشی نے اپنے ایک بیان میں گزشتہ روز گیارہ سالہ طالبہ امل کے قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ پی ٹی آئی رہنما ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ امل سی اے ایس کی طالبہ اور مستقبل کی معمار تھی۔

ہمیں اِس واقعے کا انتہائی دُکھ اور افسوس ہوا ہے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو چاہئے کہ اسٹریٹ کرائمز کی روک تھام کے لیے ٹھوس اقدامات اُٹھائیں۔ سینئر مرکزی رہنما عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے اب تک کسی قسم کی قانونی کارروائی کرنے میں ناکام ہیں۔

(جاری ہے)

واقعے کی مکمل تحقیقات کی جائیں اور ملوث افراد کو گرفتار کرکے فوری سخت سزا دی جائے۔

پی ٹی آئی کراچی کے رہنما شہزاد قریشی نے کہا کہ یہ واقعہ انتہائی افسوسناک ہے۔ ہم ایسے واقعات کے خلاف ہر سطح پر آواز بلند کرتے رہیں گے۔ ہم امل کے اہل خانہ اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دُعا کرتے ہیں۔ دریں اثناء شہزاد قریشی ، ایم پی اے ڈاکٹر سنجے گنگوانی، ایم پی اے ادیبہ عارف حسن اور افتخار فاروقی نے مقتول طالبہ امل کی رہائش گاہ جا کر ان کے اہل خانہ سے تعزیت بھی کی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات