زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں جشن آزادی روایتی جوش و جذبے سے منایا گیا

منگل 14 اگست 2018 18:45

فیصل آباد۔14 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اگست2018ء) ملک کے دوسرے شہروں اور اداروں کی طرح زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں بھی جشن آزادی روایتی جوش و جذبے اور پروقار انداز میںاس عزم کے اظہار کے ساتھ منایا گیا کہ آزاد ملک کے مقاصد کے حصول کیلئے انفرادی اور اجتماعی سطح پر تمام صلاحیتیں بروئے کار لائی جائیں گی۔ دن کا آغاز جامع مسجد میں قرآن خوانی سے ہوا جس میں ملک کی ترقی و خوشحالی اور اسے صحیح معنوں میں اسلامی فلاحی ریاست بنانے کیلئے دعا کی گئی۔

اقبال آڈیٹوریم میں مرکزی تقریب کے دوران سینئر پروفیسرڈاکٹر ظفر اقبال رندھاوا‘ رجسٹرار چوہدری محمد حسین اور تمام کلیہ جات کے ڈینز نے پرچم کشائی میں حصہ لیا جس کے بعد سیکورٹی کے چاق و چوبند دستے نے قومی پرچم کو سلامی پیش کی۔

(جاری ہے)

تقریب میںلیبارٹری بوائز و گرلز سکولز اور ڈے کیئر سینٹر کے بچوں نے قومی نغموں کے ساتھ ساتھ خوبصورت پرفارمنس کے ساتھ وطن سے اپنی لازوال محبت کا اظہار کیا۔

اس موقع پر سینئر پروفیسرڈاکٹر ظفر اقبال رندھاوا نے اس اُمید کا اظہار کیا کہ ملک میں میرٹ اور صلاحیت کوآگے بڑھنے کا بھرپورموقع میسر آئے گااور ملک سے کرپشن‘ لاقانونیت اوراقرباء پروری کا خاتمہ ہوگا۔ ایڈمن بلاک کے پہلو میں شجرکاری مہم کا افتتاح کرتے ہوئے ڈاکٹر ظفر اقبال رندھاوا نے کہا کہ پاکستان میں وہ سورج بہت جلد طلوع ہونے والا جو خوشحالی‘ امن امان کویقینی بنانے کے ساتھ ساتھ ہر شہری کو یکساں حقوق کی فراہمی کا راستہ ہموار کرے گا۔

تقریب کے کامیاب انعقاد کویقینی بنانے کیلئے یونیورسٹی مینجمنٹ کی طرف سے انتظامی کمیٹی کے اراکین میں پرنسپل آفیسرپی آر پی ڈاکٹر محمدجلال عارف‘ رجسٹرار چوہدری محمد حسین‘ اسٹیٹ آفیسرشہزاد محمود‘ اور لیبارٹری ہائر سیکنڈری سکول کے پرنسپل مسٹر سیف اللہ سیف شامل تھے۔ تقریب میں نبیل سلطان نے خوبصورت پرفارمنس کے ساتھ وطن سے اپنی محبت کا اظہار کیا۔