انگریزوں سے آزادی حاصل کرلی مگر ان کے غلاموں سے نجات حاصل کرنا باقی ہے‘میاں مقصود احمد

پاکستان کے اسلامی تشخص اور نظریاتی اساس کو نقصان پہنچانے کی کوششیں کی جارہی ہیں‘امیر جماعت اسلامی پنجاب

منگل 14 اگست 2018 19:42

انگریزوں سے آزادی حاصل کرلی مگر ان کے غلاموں سے نجات حاصل کرنا باقی ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اگست2018ء) متحدہ مجلس عمل پنجاب کے صدر اور امیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمدنے کہاہے کہ آزادی سب سے بڑی نعمت ہے۔ہم نے انگریزوں سے تو آزادی حاصل کرلی مگر ان کے غلاموں سے نجات حاصل نہیں کرسکے۔مٹھی بھر اشرافیہ نے پوری قوم کو یرغمال اور ملک کے وسائل پر پوری طرح قبضہ کررکھاہے۔محض چہرے بدلنے سے نظام میں نہ تبدیلی آئی ہے اور نہ کبھی آسکتی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزاہم تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ یہ ہماراالمیہ ہے کہ 71برس بعد بھی ملک وقوم کی کوئی سمت واضح نہیں۔منزل کا نشان ابھی بھی دھندلا ہے۔سیاسی قیادت کے پاس وژن کافقدان ہے۔انہوں نے کہاکہ ماضی کے تمام حکمرانوں نے اپنی تجوریوں کو بھرنے کے علاوہ کوئی کام نہیں کیا۔

(جاری ہے)

عوام کی فلاح وبہبود کے نعرے تو لگائے جاتے رہے مگرعملاً کچھ نہیں کیاگیا،یہی وجہ ہے کہ آج بھی ملک میں40فیصد سے زائد آبادی سطح غربت سے نیچے زندگی گزارنے پر مجبور ہے۔

ملک میں بڑھتی ہوئی غربت کی وجہ سے ڈھائی کروڑ بچے اسکول جانے کی عمر میں کارخانوں،فیکٹریوں،ہوٹلوں اور بھٹوں میں محنت مزدوری کررہے ہیں۔معاشی زبوں حالی کی وجہ سے ہر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والا شخص پریشان ہے۔انہوں نے کہاکہ پڑھے لکھے نوجوان ہاتھوں میں اعلیٰ تعلیم کی ڈگریاں لے کر دردرکی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں،نہ روزگار ہے اور نہ ہی حکمرانوں کے پاس کوئی منصوبہ بندی ۔

انہوں نے کہاکہ امید ہے کہ نئی بننے والی حکومت عوام کے ساتھ کیے گئے وعدوں کوپوراکرنے کے لیے سنجیدگی سے اقدامات کرے گی اور ملک کے بڑھتے ہوئے مسائل کو حل کرے گی۔میاں مقصوداحمد نے مزیدکہاکہ پاکستان کے اسلامی تشخص،نظریاتی اساس اور جغرافیہ کوجتنانقصان ماضی کے حکمرانوں نے پہنچایاہے اتناکسی نے نہیں پہنچایا۔جس ملک کا خواب علامہ اقبالؒ اور قائد اعظمؒ نے دیکھا تھا اور جس کی تکمیل کے لیے انہوں نے انتھک محنت کی تھی بدقسمتی سے اس پرجاگیرداروں اور سرمایہ داروں کاقبضہ ہے۔حقیقی آزادی کے لیے موجودہ فرسودہ اور کرپٹ نظام کو ہمیشہ کے لیے ختم کرنا ہوگا۔