بابائے قوم قائداعظم کی قیادت میں لاکھوں لوگوں کی قربانیوں، لہو اور آگ کے دریا عبور کر کے یہ وطن وجود میں آیا،

پاکستان کا جھنڈا آج نہ صرف آزاد کشمیر بلکہ مقبوضہ کشمیر اور پوری دنیا میں لہرا رہا ہے صدر آزاد جموں و کشمیر سردار مسعود خان کا ایوان صدر مظفرآباد میں یوم آزادی کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب

منگل 14 اگست 2018 20:36

مظفرآباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اگست2018ء) سردار مسعود خان صدر آزاد جموں و کشمیر نے کہا ہے کہ وہ ریاست آزاد جموں و کشمیر اور دنیا بھر میں مقیم کشمیریوں کی طرف سے پاکستانی قوم کو 71 واں یوم آزادی کے موقع پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ بابائے قوم قائداعظم کی قیادت میں لاکھوں لوگوں کی قربانیوں، لہو اور آگ کے دریا عبور کر کے یہ وطن وجود میں آیا۔

پاکستان ایک ریاست بھی ہے، ایک طرز زندگی بھی اور ایک فلسفہ حیات بھی۔ پاکستان کا جھنڈا آج نہ صرف آزاد کشمیر بلکہ مقبوضہ کشمیر اور پوری دنیا میں لہرا رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار صدر آزاد کشمیر نے ایوان صدر مظفرآباد میں یوم آزادی کے موقع پر منعقدہ ایک پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس تقریب سے وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

تقریب میں سابق وزیراعظم سردار عتیق احمد خان، عبدالرشید ترابی، ڈپٹی سپیکر آزاد جموں و کشمیر اسمبلی سردار فاروق طاہر، وزراء کرام آزاد حکومت، ممبران اسمبلی آزاد جموںو کشمیر، چیف سیکرٹری آزاد کشمیر، آئی۔جی آزاد کشمیر، سیکرٹری صاحبان، فوجی آفیسران، پولیس کے اعلیٰ آفیسران، ضلعی انتظامیہ، سول سوسائٹی کے ممبران، پریس کے نمائندگان نے بھی شرکت کی۔

صدر آزاد کشمیرسردار مسعود خان نے اس موقع پر اپنے پُرمغز خطاب میں بانی پاکستان قائداعظم کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ ملکت پاکستان یونہی دنیا کے نقشے میں وقوع پذیر نہیں ہوا بلکہ اس کی بنیادیں لاکھوں افراد کے خون سے سینچی گئی ہیں۔ 1947ء میں قیام پاکستان کے وقت جموں کے اڑھائی لاکھ مسلمانوں کو شہید کیا گیا اور یہ کام راشٹریہ سیوک سنگ کے غنڈوں اور ہندوستانی فوج نے کیا تھا، 27 ہزار خواتین کو اغوا کیا گیا اور اُن کی عصمتیں لوٹی گئیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمارا قطب نما ہے اور پاکستان کا جھنڈا آزاد کشمیر اور ساری دنیا میں لہرا رہا ہے۔ یہ سری نگر، سوپور، اسلام آباد، بج بہارا، گلگام، پلوامہ، شوپیاں، بانڈی پورہ، ڈوڈہ، کشتواڑہ اور کارگل میں بھی لہرا رہا ہے۔سردار مسعود نے کہا کہ ہندوستان تمام جبر، ظلم کے باوجود مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کے دلوں سے پاکستان کی محبت کو ختم نہیں کر سکتا۔

کشمیری حق خودارادیت کے حصول تک اپنی جدوجہد کو پوری شدومد کے ساتھ جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ الحاق پاکستان ہمارا جزوایمان ہے۔ ہم پاکستان کی بہادر افواج کے شہیدوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ آزاد کشمیر کے لوگ اپنی نڈر افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔صدر نے کہا کہ آج پاکستان کو سیاسی اور معاشی اعتبار سے اپنے آپ کو مضبوط اور مستحکم کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ صدر گرامی نے تقریب کے آخر میں منتظمین، پولیس گارڈ، پولیس بینڈ، نوجوان طلبہ و طالبات کی شاندار کارکردگی پر حوصلہ افزائی کیلئے انعامات کا اعلان بھی کیا۔