بین المذاہب جشنِ آزادی و امن ریلی کا انعقاد

مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے افرادنے بڑی تعداد میں شرکت

منگل 14 اگست 2018 20:56

لاہور۔14 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اگست2018ء) قومی کمیشن برا ئے بین المذاہب مکالمہ پاکستان کے زیرِ اہتمام لاہور میں جشنِ آزادی 2018 کے سلسلے میں " جشنِ آزادی امن ریلی کی ایک خصوصی بین المذاہب تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کے مہمانانِ خصوصی فادر فرانسس ندیم ، مولانا محمد عاصم مخدوم ، برادر فلپ ہیرا ، فادر پاسکل پولوس ، حافظ مفتی سید عاشق حسین اور ڈاکٹر بدر منیر تھے۔

پروگرام میں مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے مسلم و مسیحی بچّوں، خواتین وحضرات اور نوجوانوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔تقریب کے آغاز میں تمام شرکا نے یک آواز ہو کر قومی ترانہ گایا جس کے بعد تقریب کا تعارف برادر فیصل فرانسس نے پیش کیا۔ ا نہوں نے اپنے پیغام میں پاکستان کی ترقّی اور خوشحالی کے لئے مسیحی شہریوں کی خدمات پر روشنی ڈا لی اور اکستان قائدِاعظم محمد علی جناح کی پہلی قانون ساز اسمبلی سے خطاب کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ قائد کا پاکستان سب کا پاکستان ہے اور اس میں کسی ایک مذہب کے ماننے والوں کی اجارہ داری نہیں ہے۔

(جاری ہے)

تقریب کے دوران بچّوںنے ملّی ترانے اور خوبصورت ٹیبلو پیش کئے۔ جن میں فادر فرانسس ندیم نے تمام شرکا سے اظہارِ تشکّر کرتے ہوئے کہا کہ آج ہم سب مل کر پاکستان کی ِ آزدی کا جشن منا رہے ہیں۔ بابائے قوم کے فرمان کے مطابق اس ملک کے تمام شہری اپنے اپنے مذاہب اور عقائد کے مطابق مکمل آزادی کے ساتھ زندگی بسر کرنے کا حق رکھتے ہیں، قائدِ اعظم کا پاکستان اس کے تمام شہریوں کے لئے ہے۔

ایک پُر امن پاکستان ہی قائدِ اعظم کا پاکستان ہے۔ آیئے ہم سب مل کر بلا امتیازِ رنگ، نسل اور مذہب اس ملک کی ترقی ، امن کی بحالی اور خوشحالی کے لئے کام کریں۔ اُنہوں نے قوم کو آزادی کی مبارکباد بھی پیش کی ،اس تقریب میں تمام مذاہب کے نمائندگان نے پاکستانی قومی پرچم تھامے ملی یکجہتی کا عملی مظاہرہ کیا۔ امن وسلامتی اور مذہبی ہم آہنگی ، رواداری اور تعمیر و استحکامِ پاکستان کے لئے اپنے عزم کا اظہار کیا۔

اس مو قع پر ملک کو اندرونی او ر بیرونی خطرات سے بچائو کے لئے اور بڑھتی ہوئی کشیدگی اور دہشت گردی کے خاتمے کے لئے دعائیں مانگی گئیں۔ اور خوشی کے اس موقع پر کیک بھی کاٹاگیا،تقریب کے بعد تمام حاضرین و شرکا نے مل کر منی مارکیٹ گلبرک کے گرد ایک امن ریلی نکالی۔ جس کی قیادت فادر فرانسس ندیم اور مولانا محمد عاصم مخدوم کر رہے تھے۔ ریلی کے شرکا نے امن کے نعروں سے مزین چارٹ اور پاکستانی جھنڈے اٹھا رکھے تھے۔ ریلی کا اختتام مقدس فرانسس کی امن کی دعا سے ہوا۔