ملک میں جمہوریت کے تسلسل سے نئے ترقیاتی عمل کا آغاز ہو گا،چیرمین سینٹ

ہمیں خود احتسابی کے عمل کے تحت ماضی کی غلطیوں اور کوتاہیوں کا ادراک کرتے ہوئے ان عوامل کا بھی جائزہ لینا ہو گا جن کی بدولت ہم دیگر قوموں کی نسبت پیچھے رہ گئے مل کر فیصلہ کرنا ہوگا ہمارے آپس کے اختلافات قومی ترقی کے سفر میں جمود کا باعث نہ بنیں اپنی ساری توانائیاں پاکستان کی تعمیر و ترقی و خوشحالی پر مرکوز کرنا ہونگی،صادق سنجرانی کی قومی پرچم کشائی کی تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو

منگل 14 اگست 2018 21:32

ملک میں جمہوریت کے تسلسل سے نئے ترقیاتی عمل کا آغاز ہو گا،چیرمین سینٹ
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 اگست2018ء) چیرمن سینٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ ملک میں جمہوریت کے تسلسل سے نئے ترقیاتی عمل کا آغاز ہو گا۔ یوم آزادی کے موقع پر قومی پرچم کشائی کی تقریب کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمیں خود احتسابی کے عمل کے تحت ماضی کی غلطیوں اور کوتاہیوں کا ادراک کرتے ہوئے ان عوامل کا بھی جائزہ لینا ہو گا جن کی بدولت ہم دیگر قوموں کی نسبت پیچھے رہ گئے ہیں۔

ہمیں مل کر فیصلہ کرنا ہوگا کہ ہمارے آپس کے اختلافات قومی ترقی کے سفر میں جمود کا باعث نہ بنیں - اور ہمیں سیاسی اختلاف رائے کو پس پشت ڈال کر انتشار اورافراتفری پر قابو پانے کیلئے مشترکہ اقدامات اٹھانے چاہیں اور جمہوریت کے فروغ اور اس کے ساتھ ساتھ جمہوری اداروں کے استحکام کیلئے متفقہ لائحہ عمل اختیار کرنا ہوگا۔

(جاری ہے)

چیرمین سینٹ نے کہا کہ ہمیں اپنی ساری توانائیاں پاکستان کی تعمیر و ترقی و خوشحالی پر مرکوز کرنا ہونگی صادق سنجرانی نے کہا کہ پوری قوم جانتی ہے کہ گزشتہ چند برسوں کے دوران پاکستان پر علاقائی اور عالمی حالات کے بڑے گہرے اثرات مرتب ہوئے ہیں جس کے نتیجے میں پاکستان میں نہ صرف امن وامان کے مسائل پیدا ہوئے بلکہ اقتصادی مسائل بھی دیکھنے میں آئے۔

حکومت پاکستان نے وطن عزیز کے مختلف علاقوں اور شہروں کو بد امنی ، دہشت گردی اور انتہا پسندی سے پاک کرنے کیلئے بھرپور سیاسی عزم کے ساتھ افواج پاکستان اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر اقدامات اٹھائے جس کے نتیجے میں پاکستان میں امن بحال ہو رہا ہے۔ملک کی تمام سیاسی جماعتیں قومی منصوبوں اور اہداف کے حصول کیلئے اتفاق رائے کا مظاہرہ کر رہی ہیں جس کا واضح ثبوت سی پیک کے منصوبہ جات ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے ناسورکو جڑ سے اکھاڑ پھینکے کیلئے ہم سب پر عزم ہیں۔مسلح افواج ، سول و آرمڈ فورسز اور دیگر متعلقہ اداروں کی دہشت گردی کے خلاف قربانیاں اور کوششیں قابل تحسین ہیں۔ اللہ کے فضل سے ملک اقتصادی ترقی کی ایسی راہ پر گامزن ہوگا جو ترقی وخوشحالی کی نئی منزلیں طے کرے گا جس کے ثمرات پوری قوم کو میسر ہونگے۔