کشمیریوں نے 14اگست پاکستانیوں کے ساتھ منایا

کشمیر، پاکستان کی آزادی کا نا مکمل حصہ ہی: یوتھ فورم فار کشمیر

منگل 14 اگست 2018 21:51

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 اگست2018ء) کشمیر میں بھارتی قابض افواج کی بھاری تعداد میں موجودگی بھی نوجوان کشمیریوں کو پاکستان کی آزادی کا جشن منانے اور اس کیلئے تیاریاں کرنے سے باز نہیں رکھ سکی۔ اسلام آباد سے جاری کردہ ایک بیان میں YFKانٹرنیشنل کشمیر لابی گروپ(یوتھ فورم فار کشمیر)کا کہنا تھا کہ’’ کشمیر، پاکستان کی آزادی کا نامکمل حصہ ہے‘‘۔

کشمیریوں نے 19جولائی 1947 کو سرینگر میں ایک قرارداد منظور کی تھی جس میں پاکستان کے ساتھ الحاق کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ کشمیری رہنماؤں نے یہ قرارداد، پاکستان کی آزادی سے ایک مہینہ پہلے منظور کی تھی۔ بھارتی یومِ آزادی کو پوری دنیا میں کشمیری یومِ سیاہ کے طور پر مناتے ہیں۔بھارت کے پاس اپنی آزادی کا دن منانے کا کوئی اخلاقی یا قانونی جواز باقی نہیں بچتا کیونکہ دوسری طرف وہ خود کشمیریوں کی علاقائی، شخصی، نظریاتی، غرض یہ کہ ہر طرح کی آزادی پر قابض ہے۔

(جاری ہے)

اگر دنیا یہ دیکھنا چاہتی ہے کہ کشمیری کیا چاہتے ہیں تو انہیں یہ ضرور دیکھنا چاہیئے کہ کشمیری 14 اگست کو پاکستان کا جشنِ آزادی کتنے جوش و جذبے سے مناتے ہیں جبکہ 15 اگست بھارت کے یومِ آزادی کو یومِ سیاہ کے طور پر مناتے ہیں۔ اس موقع پرYFKمطالبہ کرتا ہے کہ بھارت اپنے فوجی تسلط کا فوری خاتمہ کرے ۔ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ نئی دہلی، سرینگراور دیگر کشمیری شہروں سے اپنی فوج نکال کر انصاف کے بین الاقوامی قوانین کا احترام کرے،بھارت کشمیریوں کو حکومت کرنے کا بنیادی حق دے جو کہ قرارداد کی بنیادی روح ہے۔

ہم یورپی پارلیمنٹ،شنگھائی کوآپریشن آرگنائزیشن،OSCE،آسیان، سارک،عرب لیگ اور OICسے اپیل کرتے ہیںکہ وہ کشمیریوں کے حقِ خود ارادیت کو تسلیم کریں اور اِس کوآزادی کی اُس جدوجہد کا تسلسل سمجھیں جس کے تحت 1947میں پاکستان اور بھارت آزاد ہوئے اور لوگوں کویہ حق دیا گیاکہ وہ انگریزوں کے جانے کے بعد دونوںملکوں میں سے کسی ایک کا انتخاب کریں،بھارت نے 1948میں اقوامِ متحدہ کی مدد طلب کی جس کے نتیجے میں سلامتی کونسل نے 5جنوری1949 کی قرارداد منظور کی ۔

YFKدنیا کو اس قرارداد کے جمہوری پہلو کی یاد دہانی کرواتا ہے،پہلی شق کے مطابق ریاست ِ جموں وکشمیرکے پاکستان یا بھارت سے الحاق کا فیصلہ جمہوری بنیادوں پر شفاف اور غیر جانبداراستصواب ِ رائے کے ذریعے ہوگا۔ ہم سلامتی کونسل پر زوردیتے ہیںکہ وہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوںکو بند کروائے جہاں بھارت کی مسلح قابض فوج ماورائے عدالت ہلاکتوں، جبری گمشدگیوں، جنسی زیادتیوں اور بنیادی شہری آزادیاں سلب کر نے میں ملوث ہے،ہم زور دیتے ہیں کہ دنیا کو مسئلہٴ کشمیرکے حل کیلئے اپنا کردار ادا کرنا چاہیئے تاکہ خطے میں دیرپا امن قائم ہو۔

YFKانٹرنیشنل کشمیر لابی گروپ(یوتھ فورم فار کشمیر)، ایک غیر جانبداربین الاقوامی این جی او(NGO) ہے جو اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے پُر امن حل کیلئے کوشاں ہے۔