ملی مسلم لیگ اسلام آباد کی جانب سے اکہترواں یوم آزادی جوش و خروش سے منایا گیا

موٹر سائیکل ریلی نکالی گئی

منگل 14 اگست 2018 21:55

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 اگست2018ء) ملی مسلم لیگ اسلام آباد کی جانب سے اکہترواں یوم آزادی جوش و خروش سے منایا گیا،جامع مسجد قباء سے ملی مسلم لیگ کے رہنما شفیق الرحمن ، این اے 53سے قومی اسمبلی کے امیدوار چوہدری سعید احمد و دیگر کی قیادت میں موٹر سائیکل ریلی نکالی گئی جس میں درجنوں موٹر سائیکل سواروں نے شرکت کی ، اس موقع پر سینکڑوں شرکا ء نے پاکستان کے سبز ہلالی اور ملی مسلم لیگ کے پرچم تھام رکھے تھے۔

ریلی میں طلباء ، تاجر ، وکلاء اور دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کے علاوہ بچوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ریلی کے دوران پاکستان بنایا تھا پاکستان بچائیں گے،پاکستان کا مطلب کیا لا الہ الا اللہ،نظریہ پاکستان ہی بقائے پاکستان ہے،ملی مسلم لیگ محافظ نظریہ پاکستان ،کشمیریوں سے رشتہ کیا لا الہ الا اللہ کے فلک شگاف نعرے لگائے جاتے رہے۔

(جاری ہے)

ریلی زیرو پوائنٹ ، بلیو ایریا سے ہوتی ہوئی نیشنل پریس کلب پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی جہاں جلسہ عام کیا گیا ،جس میں ملی مسلم لیگ کے مرکزی رہنام کرنل (ر) نذیر احمد ، ملی مسلم لیگ اسلام آباد کے سربراہ شفیق الرحمن ، این اے 53سے سابق امیدوار قومی اسمبلی چوہدری سعید احمد، انجمن تاجران کے صدر اجمل بلوچ ، مسیحٰی رہنما سمیت دیگر افراد نے بھی خطاب کیا۔

مرکزی رہنما کرنل ( ر) نذیر احمد نے کہا کہ اس دن ہم پاکستان کے دشمنوں کو پیغام دینا چاہتے ہیں کہ پاکستان کے دفاع اور کشمیر کی آزادی کے لیے جان بھی حاضر ہے ، پاکستان کے دشمن سرحدوں پر ہم سے نہیں لڑتے اس لیے سازش کرتے ہیں ، سی پیک کو ناکام کرنے کے لیے سازشیں کی جا رہی ہیں ، ہم ان کی سازشوں سے بخوبی واقف بھی ہیں اور ان کو ناکام کرنا بھی جانتے ہیں ، جنرل باجوہ صاحب سے کہتے ہیں کہ آپ نے ردالفسا د جیسے معرکوں کو سرانجام دیا کیا لیکن کشمیر کی آزادی ابھی باقی ہے ، کشمیری قوم پاکستان کے پرچم اٹھائے میدان میں نکلی ہے ، انہوں نے کہا کہ عالم اسلام کو پیغام دیتے ہیں کہ وہ اسلام دشمنوںکے خلاف اکٹھے ہو جائیں عالم اسلام کا معاشی اتحاد ہونا چاہیے ۔

کرنل (ر) نذیر احمد نے کہا کہ ہم فوج کی قربانیوں کو بھولے نہیں بلکہ شہداء کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں ، شفیق الرحمن نے کہا کہ کشمیر میں بھی یوم پاکستان منایا جا رہا ہے ، کشمیر میں آپا آسیہ اندرابی ہر سال اس موقع پر ٹیلیفونک خطاب کرتی تھیں اور کشمیر میں بھارتی فوجیوں کے ظلم و ستم کے باوجود یوم آزادی مناتی تھیں لیکن اس سال انہیں قید کر دیا گیا ، لیکن ایسے وہ ان کی پاکستان سے محبت کم نہیں کر سکتے انہوں نے کہا کہ پاکستان بناتے وقت لاکھوں مسلمانوںنے قربانیاں اس مقصد کیلئے دی تھیں کہ ہم انگریز سے آزادی اور ہندو سے علیحدگی اختیار کر کے یہاں اسلامی نظام نافذ کریں گے مگر افسوسناک امر یہ ہے کہ جب نعمت کے طور پر مسلمانوںکو الگ خطہ مل گیا تو اللہ تعالیٰ سے کئے گئے عہد توڑ دیے گئے جس کی سزا پاکستان کو مشرقی پاکستان کی علیحدگی کی صورت میںبھگتنا پڑی۔

ملی مسلم لیگ نظریہ پاکستان کے تحفظ کا مشن لیکر میدان سیاست میں آئی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم نظریہ پاکستان کے احیا کے لیے کردار ادا کر رہے ہیں۔ ہماری سیاست پاکستان کی خاطر ہے، ہم خدمت کی سیاست کریں گے اور افراد کو منتشر کرنے کی بجائے ان کو متحد کرنے کے لیے کردار ادا کریں گے۔ نظام تعلیم میں موجود خرابیوں نے کرپٹ عناصر کو جنم دیا ہے۔

نقل کلچر کا خاتمہ کیے بغیر نسل نو کی تربیت نہیں کی جاسکتی۔ ملک و قوم کی ترقی کے لیے نچلی سطح تک خدمت خلق کا جذبہ پروان چڑھائیں گے۔چوہدری سعید احمد نے کہا کہ پاکستان کے خلاف عالمی سازشوں کو ناکام بنانے کے لیے مل کر کام کرنا ہوگا ، حافظ سعید کی قیادت میں پاکستان کو عظیم سے عظیم تر بنائیں گے ۔ تاجر رہنما اجمل بلوچ نے کہا کہ قیام پاکستان کے وقت پاکستان کا مطلب کیا لاالہ الا اللہ کا نعرہ سن کر لوگ پاکستان کی طرف دوڑے قربانی جہاں بھی ہوتی ہے لا الہ الا اللہ کی بنیاد پر ہوتی ہے ، ہارے ہوئے سیاست دانوں کی جانب سے یوم آزادی نہ منانے کا بیان قابل مذمت ہے یہ کلمہ پاکستان کے ساتھ جڑا ہوا ہے ،مسیحی رہنما نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے بنانے میں ہمارا بھی بہت بڑا کردار ہے ہم شروع دن سے ہی پاکستان کے ساتھ ہیں ہمارا جینا اور مرنا پاکستان کے ساتھ ہے ۔

۔۔۔۔اعجاز خان