شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپور میں ’’سندھ کا تحریک ِ پاکستان میں کردار‘‘ کے عنوان پر تقریری مقابلہ کا انعقاد

منگل 14 اگست 2018 22:13

سکھر۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اگست2018ء) شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپور کے شعبہ پولیٹیکل سائنس کے زیرِ اہتما م سندھ کا تحریک ِ پاکستان میں کردار کے عنوان پر ایک تقریری مقابلہ منعقد ہوا۔ جس میں یونیورسٹی کے طلبہ و طالبات نے جوش و خروش سے حصہ لیا۔ مقابلے کی صدارت پرووائیس چانسلر میریٹوریس پروفیسر ڈاکٹر محمد یوسف خشک نے کی۔

اس موقع پر انہوں نے طلبہ و طالبات پر زور دیا کہ وہ سندھ اور پاکستان کی حفاظت میں اپنا کلیدی کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ قوم کی خدمت کا جذبہ ایک بہترین جذبہ ہے۔ انہوں نے شعبے کے چیئرمین کو مقابلہ منعقد کروانے پر مبارکباد دی۔ ڈین فیکلٹی آف سوشل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر امداد حسین چانڈیو نے اپنے خطاب میں تحریک پاکستان میں حر تحریک اور سندھ سے تعلق رکھنے والے آزادی کے مجاہدوں روپلو کولہی، ہیموں کالانی و دیگر کے کردار پر روشنی ڈالی۔

(جاری ہے)

پروفیسر ڈاکٹر امیر علی چانڈیو چیئرمین شعبہ پولیٹیکل سائنس نے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تحریک پاکستان کی تاریخ سندھ کی جدوجہد کے بنا ادھوری ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ نے پاکستان کے قیام میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ اس موقع پر طلبہ و طالبات نے تقاریر کرتے ہوئے کہا کہ تحریک پاکستان میں ہندوستان کے مسلمانوں نے آزاد وطن حاصل کرنے کیلئے سخت جدوجہد کی ۔

سندھ سے قائد اعظم محمد علی جناح سے لیکر حر تحریک کی گوریلا جنگیں اس بات کی گواہ ہیں کہ تحریک پاکستان میں سندھ کا کردار بنیادی اہمیت کا حامل رہا ہے۔ جی ایم سید اور مادر ملے محترمہ فاطمہ جناح نے سندھ کے عوام میں آزادی حاصل کرنے کیلئے جذبے کی روح پھونک دی۔ مقابلے میں شعبہ پولیٹیکل سائنس کے عبدالقیوم نے پہلی، شعبہ پاکستان اسٹڈیز کے محمد امین نے دوسری اور شعبہ پولیٹیکل سائنس کی الفت چانڈیو نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ پروفیسر عنایت بھٹی ، پروفیسر شاہدہ چانڈیو، عشرت میرانی، ارشاد وسان، علی نواز سومرو ، اخلاق حسین لاڑک و دیگر نے مقابلے میں شرکت کی۔