ایمان، اتحاد، تنظیم کے اصولوں پر عمل پیرا ہو کر ہی دیگر اقوام عالم کے شانہ بشانہ کھڑے ہو سکتے ہیں ، مجاہد پرویز چٹھہ

لیسکو ہیڈ آفس میں پرچم کشائی کی باوقار تقریب ، ملک کی ترقی کیلئے خصوصی دعائیں

منگل 14 اگست 2018 22:16

لاہور۔14 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اگست2018ء) لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی ( لیسکو) کے چیف ایگزیکٹومجاہد پرویز چٹھہ نے کہا ہے پاکستان ہمارے بزرگوں کی بے پناہ قربانیوں کے طفیل حاصل کیا گیا ہے اور آج جب ہم اپنے ملک کا 71واں جشن آزادی کا دن منا رہے ہیں تو ہمیں یہ سوچنا ہو گا کہ ہم ہم اپنے ملک کی تعمیر و ترقی کے لئے کیا کردار ادا کر رہے ہیں ۔

ملک کو اکیسویں صدی کے چیلنجز کا سامنا کرنا ہے اور دیگر اقوام عالم کے شانہ بشانہ چلنے کے لئے ہمیں جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ حاصل کرنا ہو گا ۔ ان خیالات کا اظہار چیف ایگزیکٹو لیسکو نے ہیڈ آفس میں14 اگست کے حوالے سے خصوصی طور پر منعقدہ پرچم کشائی کی تقریب کے دوران کیا ، لیسکو ہیڈ آفس میں جشن آزادی کے سلسلے میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں لیسکو چیف سمیت دیگر اعلی افسران نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا جس کے بعد ملکی کی ترقی اور خوشحالی کے لئے خصوصی دعائیں کی گئیں ۔چیف ایگزیکٹومجاہد پرویز چٹھہ نے لیسکوہیڈ آفس میں پرچم کشائی کی ۔ اس موقع پر لیسکو سکیورٹی اسٹاف کی جانب سے خصوصی پریڈ اور گارڈ آف آنربھی پیش کیا گیا۔بعد ازاں لیسکو چیف اور تمام دیگر افسران نے مل کر جشن آذادی کے حوالے سے خصوصی کیک کاٹا۔

اس موقع پر بات کرتے ہوئے چیف ایگزیکٹو لیسکو کا کہنا تھا کہ بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کے بتائے ہوئے سنہر ی اصولوں ایمان اتحاد اور تنظیم پر عمل پیرا ہو کر ہی ہم ملک کو صیح معنوں میں اسلامی فلاحی ریاست بنا سکتے ہیں ۔لیسکونے پاکستان کی خدمت کو ہمیشہ اپنا فخر اور عزم تصور کیا ہے ۔ لیسکو اپنے صارفین کو بجلی کی بلاتعطل فراہمی کئے جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ حاصل کر رہی ہے اور آئندہ بھی ملکی کی تعمیر و ترقی کے لئے اپنا کردار ادا کر تی رہے گی ۔

۔ تقریب کے اختتام پرچیف ایگزیکٹو نے لیسکو اسٹاف میں مٹھائی بھی تقسیم کی۔ اس موقع پر جنرل منیجر آپریشن چوہدری محمد انور، جی ایم ٹیکنیکل خالد سعید اختر، ڈی جی ایمپلیمینٹیشن خالد ناصر،سی ایس ڈی مجاہد سعید رانا، چیف انجنئیرآپریشن چوہدری محمد امین، ڈائریکٹر ایچ آر آضیہ شعیب، چیف انجینئر محمد ناصراورلیسکو کے دیگر ملازمین بھی موجود تھے۔