راولپنڈی کی مسیحی برادری نے بھی ملک کا جشن آزادی شایان طریقے سے منایا

ارض پاک کی حفاظت اور ترقی و سلامتی کے لیے مسیحی برادری ہمیشہ کی طرح تن من دھن سے کوشاں رہے گی،عزم کا اعادہ

منگل 14 اگست 2018 22:24

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 اگست2018ء) ملک بھر کی طرح راولپنڈی کی مسیحی برادری نے بھی ملک کا جشن آزادی شایان طریقے سے منایا اور اس عزم کا اظہار کیاکہ ارض پاک کی حفاظت اور ترقی و سلامتی کے لیے مسیحی برادری ہمیشہ کی طرح تن من دھن سے کوشاں رہے گی ، جشن آزادی کے موقع پر ہولی فیملی کیتھولک چرچ راولپنڈی میںخصوصی دعائیہ تقریب منعقد کی گئی جس میں پاکستان کی سلامتی ،امن اور خوشحالی کی خصوصی دعائیں کی گئیں انچارج ہولی فیملی کیتھولک چرچ بابو ساجد امین کھوکھر کے مطابق فادر سرفراز سائمن کی ہدایات پرپاکستان کے جشن آزادی کو بھرپور انداز سے منانے کے لیے ہولی فیملی چرچ میں دعائیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فادر سرفراز سائمن اور انچارج ہولی فیملی کیتھولک چرچ بابو ساجد امین کھوکھر نے کہاکہ پاکستانی مسیحی برادری وطن عزیز کی تعمیر و ترقی میں جوش و جذبے سے مصروف عمل ہے اور پیارے وطن کی آن اور شان کے لیے ہر قسم کی قربانی دینے کے ہمہ وقت تیار ہے بابو ساجد امین کھوکھر نے کہاکہ پاکستان میں اقلیتوں کو مکمل حقوق حاصل ہیں اور اقلیتیں ان حقوق کا بھرپور استعمال کر رہی ہیںیہی وجہ ہے کہ پاکستانی مسیحی اقلیت پاکستان پر دل و جان نثار فدا کرنے کے لیے تیار ہے اور زندگی کے ہر شعبے میں اپنی خدمات سرانجام دے رہی ہے اس موقع پر بڑی تعداد میں مسیحی برادری کے مر د اور خواتین موجود تھے ۔