عوام نے گوادر سے لیکر ژوب تک پاکستان سے بے مثال محبت اور ملی یکجہتی کا شاندار مظاہرہ کرکے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا،جعفر خان مندوخیل

بلوچستان میں انڈیا اور دیگر ممالک عالمی سازش کے تحت حالات خراب کرنا چاہتے ہیں، میر عبدالکریم نوشیروانی

منگل 14 اگست 2018 22:32

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اگست2018ء) پاکستان مسلم لیگ بلوچستان کے صدر اور سابق صوبائی وزیر شیخ جعفر خان مندوخیل نے کہا کہ آج بلوچستان کے عوام نے گوادر سے لیکر ژوب تک پاکستان سے بے مثال محبت اور ملی یکجہتی کا شاندار مظاہرہ کرکے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا اور آج عوام نے ثابت کیا کہ بلوچستان ہی تو پیارا پاکستان ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز کوئٹہ میں مسلم لیگ (ق) کی جانب سے منعقدہ جشن پاکستان جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا قبل از یں ،سریاب ،پشتون آباد، نواںکلی، خیزئی چوک، موسیٰ کالونی، کواری روڈ اور دیگر مختلف علاقوں سے مسلم لیگ (ق) کی جشن پاکستان ریلیاں جلسہ میں شرکت کیلئے پہنچیں جشن پاکستان جلسہ سے شیخ جعفر خان مندوخیل کے علاوہ سابق صوبائی وزیر میر عبدالکریم نوشیرانی ،سابق سینیٹر وسابق وفاقی وزیر شیخ سعید الحسن مندوخیل ،مسلم لیگ یوتھ ونگ کے ملک شبیر احمد شاہوانی ،آغاجان ہمدرد، عبدالرزاق لغاری اور مسلم ایس ایف کے صوبائی صدر قطب الدین بشرمل نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگی نوجوان پاکستان کے چھپے چھپے کی حفاظت کریں گے ۔

(جاری ہے)

پاکستان ہماری جماعت نے قائم کیا تھا۔ اور ہم ہی اس وطن کے رکھوالے ہیں۔بلوچستان میں جس طرح عوام پاکستان سے مثال محبت کرتے ہیں۔ وہ شاہد کہیں اور ہمیں نہ ملے جعفر مندوخیل اور میر عبدالکریم نوشیرانی نے کہا کہ اس وقت بلوچستان میں انڈیا اور دیگر ممالک عالمی سازش کے تحت حالات خراب کرنا چاہتے ہیں اور دنیا کو اس سازش کے تحت یہ تاثر دینے کی ناکام کوشش کی جارہی ہے۔

کہ بلوچستان کے عوام کو پاکستان سے محبت نہیں ہے۔ مگر آج گوادر سے لیکر ژوب تک شاندار جشن اور عوام کا جوش وجزبہ دشمن کے منہ پر طمانچہ ہے ۔بلوچستان آج پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہم دنیا اور مخالفین پر یہ ثابت کرنا چاہتے ہیں کہ ہم بلوچستان اور پاکستان کے دفاع میں ہو کراول دستہ کا کردار ادا کریں گے۔