نیویارک میں پاکستان کا یوم آزادی روایتی جوش و خروش اور ملی جذبہ کے ساتھ منایا گیا، اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے پرچم کشائی کی

پاکستان نے جمہوری استحکام کے سفر میں ایک اور سنگ میل حاصل کر لیا ہے، عام انتخابات کے پرامن انعقاد سے جمہوریت کے استحکام کیلئے پاکستانی عوام کے عزم کی عکاسی ہوتی ہے، پاکستان کشمیریوں کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا، ڈاکٹر ملیحہ لودھی

منگل 14 اگست 2018 22:48

نیویارک میں پاکستان کا یوم آزادی روایتی جوش و خروش اور ملی جذبہ کے ساتھ ..
نیویارک ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اگست2018ء) نیویارک میں پاکستان کا یوم آزادی روایتی جوش و خروش اور ملی جذبہ کے ساتھ منایا گیا، اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے پرچم کشائی کی۔ اس حوالے سے پاکستان ہائوس میں تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں اقوام متحدہ میں پاکستان مشن کے افسران، عملہ اور قونصل جنرل نے اپنے اہلخانہ سمیت شرکت کی، تقریب میں اقوام متحدہ میں خدمات سرانجام دینے والے پاکستانیوں اور امریکہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھی شرکت کی۔

تقریب کا آغاز قرآن پاک کی تلاوت سے کیا گیا اور قومی ترانے کی دھن بجائی گئی۔ اس موقع پر اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے شرکاء سے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان نے جمہوری استحکام کے سفر میں ایک اور سنگ میل حاصل کر لیا ہے، عام انتخابات کے پرامن انعقاد سے جمہوریت کے استحکام کیلئے پاکستانی عوام کے عزم کی عکاسی ہوتی ہے اور پاکستان کی تاریخ میں تیسری مرتبہ اقتدار ایک منتخب حکومت سے دوسری منتخب حکومت کو منتقل ہو رہا ہے۔

(جاری ہے)

تقریب میں ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے صدر مملکت ممنون حسین اور قائمقام قونصل جنرل نعیم چیمہ نے نگران وزیراعظم جسٹس (ر) ناصرالملک کا یوم آزادی کے حوالہ سے پیغام تمام شرکاء کو پڑھ کر سنایا۔ ان پیغامات میں پاکستان کو خودانحصار، اقتصادی طور پر فعال اور خوشحال ملک بنانے اور قائداعظم کے اصولوں پر عمل پیرا ہونے کے عزم کا اظہار کیا گیا ۔ تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کے دوران ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے اس دن کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے پاکستان کے بانیوں اور تحریک آزادی کے رہنمائوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔

انہوں نے مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام ایک دن اپنا پیدائشی حق حق خودارادیت حاصل کرنے میں ضرور کامیاب ہوں گے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کشمیریوں کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔ تقریب کے اختتام پر یوم آزادی پاکستان کے حوالے سے کیک بھی کاٹا گیا۔