ہمارے اکابرین نے قربانیاں دیکر ہمیں ایک آزاد ملک کا تحفہ دیا ،کل کا دن ہم سے یہ تقاضا کرتاہے کہ ملک کی ترقی میں کردار ادا کریں

کمشنر ژوب ڈویژن بشیر خان بازئی کا تقریب سے خطاب

منگل 14 اگست 2018 22:50

لورالائی ۔14اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اگست2018ء) صوبہ بھر کی طرح لورالائی میںبھی یوم آزادی شایان شان طریقے سے منایا گیا ۔سب سے بڑی تقریب ڈپٹی کمشنر کے دفتر کے احاطہ میں منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی کمشنر ژوب ڈویژن بشیر خان بازئی تھے ۔تقریب میں کمانڈنٹ لورالائی سکاؤٹس کرنل عامر مختیار ،ڈی آئی جی پولیس نثار احمد ،ڈپٹی کمشنر لورالائی عمران ابراہیم ،ضلعی پولیس آفیسر برکت علی کھوسہ،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر اعجاز احمد ،اسسٹنٹ کمشنر ریوینو رحمت اللہ ،اسسٹنٹ کمشنر بوری فیاض علی ،ڈویژنل ڈائریکٹرب محکمہ تعلیم ملا محمد عمرانی ،ڈپٹی دائریکٹر زراعت نور محمد ،ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن سید تنویر اختر ،ڈویژنل ڈائریکٹر آئی ٹی عبدلرازق مندوخیل،ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر امیر شاہ بخاری اور دیگر ڈویژنل و ضلعی آفیسران کے علاوہ بوائز و گرلزا سکولوں کے اساتذہ اور طلبہ وطالبات اورقبائلی عمائدین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پرقومی پرچم لہرایا گیا اور سلامی پیش کی گئی جبکہ اسکولوںکے طلباء و طالبات نے حمد ،نعت ،ملی نغمے ،ٹیبلو انگریزی اور اردو تقاریر پیش کیں ۔کمشنر ژوب ڈویژن بشیر خان بازئی ،کمانڈنٹ لورالائی سکاؤٹس کرنل عامر مختیاراور ڈپٹی کمشنر عمران ابراہیم بنگلزئی نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے اکابرین نے قربانیاں دیکر ہمیں ایک آزاد ملک کا تحفہ دیا ہے جس میں اس وقت کے ہر طبقہ فکر کے لوگوں نے حصہ لیا ۔

انہوں نے کہا کہ آج ہمارے ملک کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے تاہم مسائل کا سامنا ضرور ہے جس کے خاتمہ کیلئے ہر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والوں نے اپنے بھر پور کردار ادا کرنا چاہیے ۔کمشنر ژوب ڈویژن بشیر خان بازئی نے کہا کہ آج دہشت گردی ،غربت اور دیگر تمام درپیش مسائل کا واحد حل معیاری تعلیم کا حصول ہے اور کل کا دن ہم سے یہ تقاضا کرتاہے کہ ملک کی ترقی میں کردار ادا کریں اورہر شعبے میں بہتری کیلئے مخلصانہ کوششیں کریں۔

کمانڈنٹ ایف سی کرنل عامر مختیار نے پروگرام میں حصہ لینے والے تمام بچوں کیلئے ایک ایک ہزار روپے نقد دینے کا اعلان کیا ۔تقریب کے آخر میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے بچوں میں انعامات تقسیم کئے اور تقریب کو کامیاب بنانے والے مختلف محکموں کے ملازمین کو نقد انعامات اور شیلڈ بھی دیئے گئے ۔جبکہ محکمہ کھیل لورالائی کے ظفر اللہ شاہ ،سماجی تنظیم بی آر ایس پی کے اللہ داد کاکڑکی طرف سے بھی طلبا ء و طالبات اور مہمانوں میں سونیئرز اور تحائف تقسیم کئے دریں اثناء جشن آزادی کا کیک کاٹا گیا اور ملک کی سلامتی کیلئے دعا کی گئی ۔

کمشنر ژوب ڈویژن بشیر خان بازئی اور ڈپٹی کمشنر لورالائی عمران ابراہیم بنگلزئی نے ڈسٹرکٹ جیل لورالائی اور ڈسٹرکٹ ہیڈ کواٹر ہسپتال کا دورہ بھی کیا جیل میں قیدیوں میںلنگر تقسیم کیا گیا اور ہسپتال میں مریضوں میں تحائف تقسیم کئے اس موقع پر قیدیوں اور مریضوں نے بھی اپنے مسائل بیان کئے جس کے حل کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی ۔قبل ازیں کمشنر ژوب کی قیادت میں یوم آزادی کے حوالے سے ایک بڑی ریلی بھی نکالی گئی جس میں کمانڈنٹ ایف سی (لورالائی سکاؤٹس) کرنل عامر مختیار ،ڈی سی لورالائی اور شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔