اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ کی ٹرمینل بلڈنگ میں بارش کا پانی داخل نہیں ہوا،ترجمان سول ایوی ایشن اتھارٹی

منگل 14 اگست 2018 23:35

اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ کی ٹرمینل بلڈنگ میں بارش کا پانی داخل ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اگست2018ء) سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ترجمان نے کہا ہے ہے کہ اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ کی ٹرمینل بلڈنگ میں بارش کا پانی داخل نہیں ہوا۔

(جاری ہے)

گزشتہ رات اور آج (منگل) صبح ہونے والی شدید بارش کے نتیجے میں اسلام آباد ائیرپورٹ کی پسنجر ٹرمینل بلڈنگ میں بارش کا پانی داخل ہونے کے حوالے سے کچھ نجی ٹی وی چینلز پر چلنے والی خبریں حقائق کے منافی ہیں‘اس حوالے سے وضاحت کی جاتی ہے کہ اسلام آباد ائیرپورٹ کی ٹرمینل بلڈنگ میں برساتی پانی قطعی داخل نہیں ہوا ہے‘البتہ ٹرمینل بلڈنگ کے لیول ٹو پر کھلے ایریا میں واقع کانکورس ہال جہاں لوگ مسافروں کو لینے اور چھوڑنے آتے ہیں وہاں بارش کے پانی کی معمولی مقدار جمع ہوئی تھی جسے ائیرپورٹ انتظامیہ نے بغیر کسی تاخیر کے چند منٹوں میں صاف کرادیاتھا اور اس دوران ائیرپورٹ کے تمام معمولات بغیر کسی تعطل کے جاری و ساری تھے۔

واضح رہے کہ پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی مسافروں کو بہترین سہولیات اور خدمات بدستور فراہم کررہا ہے۔