نواز شریف کی احتساب عدالت میں پیشی،

لیگی کارکنوں کی پولیس سے جھڑپیں

Fahad Shabbir فہد شبیر بدھ 15 اگست 2018 09:22

نواز شریف کی احتساب عدالت میں پیشی،
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔15اگست ۔2018ء) سابق وزیراعظم نواز شریف کو اڈیالہ جیل سے آج احتساب عدالت میں پیش کیا جا رہا ہے۔ احتساب عدالت میں العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنس کیسز کی سماعت ہو گی۔ اس موقع پر سیکورٹی کے انتظامات انتہائی سخت ہیں۔احتساب عدالت کے باہر خواتین سمیت مسلم لیگ ن کے کارکنوں کی بڑی تعداد موجود ہے۔ نواز شریف کی آمد سے کچھ دیر پہلے احتساب عدالت کے باہر حالات کشیدہ ہو گئے ہیں۔

پولیس اہلکاروں اور ن لیگی کارکنوں میں جھڑپیں ہوئی ہیں۔ اس موقع پر مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف ارکان اسمبلی اور سینیٹرز کی بڑی تعداد بھی موجود ہے۔ احتساب عدالت پہنچنے والوں میں ن لیگ کے صدر شہباز شریف سمیت مصدق ملک، خرم دستگیر، محسن شاہنواز، جاوید ہاشمی ، سینیٹر رانا تنویر ،انجم عقیل خان ،سابق ایم پی اے تحسین فواد،مریم اورنگزیب ،سینیٹر سعدیہ عباسی، مرتضیٰ جاوید عباسی، طارق فضل چوہدریسمیت دیگر رہنما شامل ہیں۔

(جاری ہے)

جھڑپ سے پہلے ن لیگی کارکنوں نے احتساب عدالت میں داخل ہونے کی کوشش کی۔ جس کو روکتے ہوئے پولیس اہلکاروں کی ن لیگی کارکنوں سے جھڑپیں ہوئیں۔ اس موقع پر ن لیگی صدر شہباز شریف کارکنوں کو سمجھاتے رہے۔ یاد رہے کہ اس سے پہلے 2روز قبل سابق وزیراعظم نواز شریف کو بکتر بند گاڑی میں احتساب عدالت میں پیش کیا گیا تھا۔ جس پر ن لیگی صدر شہباز شریف نے شدید احتجاج کرتے ہوئے اس کو 2مرتبہ کے سابق وزیراعظم کیخلاف ناروا سلوک قرار دیا تھا۔